بین الاقوامی تجارتی منڈیوں، نمائشوں اور تجارتی وفود میں شرکت کے لیے قومی سطح پر سبسڈی اور حکومتی معاونت وقت کی اہم ضرورت ہے، چیئرمین پیگمیا

پیر 29 جون 2026 21:24

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2026ء) پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی جی ایم ای اے) کے چیئرمین انس راحیل برلاس نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تجارتی منڈیوں، نمائشوں اور تجارتی وفود میں شرکت کے لیے قومی سطح پر سبسڈی اور حکومتی معاونت وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ایسے اقدامات دستانوں کی برآمدات میں اضافے اور پاکستانی مصنوعات کی عالمی سطح پر تشہیر میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے ڈپٹی منیجر وقار رسول کےپاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے دفتر کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں پاکستان سے دستانوں کی برآمدات بڑھانے، نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ دنیا بھر میں منعقد ہونے والی اہم بین الاقوامی نمائشوں اور تجارتی تقریبات کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سالانہ کاروباری منصوبہ برائے 2026-27 میں شامل کیا جائے تاکہ پاکستانی دستانہ ساز صنعت کو نئی منڈیوں تک رسائی اور عالمی سطح پر اپنی موجودگی مضبوط بنانے کے مواقع میسر آ سکیں۔اجلاس کے دوران دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے، برآمدکنندگان کو سہولتیں فراہم کرنے اور پاکستانی دستانوں کی عالمی مسابقت بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

شرکاء نے اس ملاقات کو انتہائی مفید اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان قریبی تعاون سے پاکستان کی دستانہ سازی کی صنعت کو عالمی سطح پر مزید استحکام اور پذیرائی حاصل ہوگی۔