ہزاروں من عرقِ گلاب اور آبِ زمزم سے خانہ کعبہ کا غسل، مسجد الحرام کا پورا ماحول معطر

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز تقریب میں شریک ہوئے اور غسل کے عمل کا آغاز کیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 جون 2026 13:17

ہزاروں من عرقِ گلاب اور آبِ زمزم سے خانہ کعبہ کا غسل، مسجد الحرام کا ..
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون 2026ء) بیت اللہ شریف میں غسلِ کعبہ کی سالانہ اور روح پرور تقریب انتہائی عقیدت و احترام اور روایتی شایانِ شان طریقے سے منعقد کی گئی، اس مقدس اور ایمان افروز تقریب میں ہزاروں من خالص عرقِ گلاب اور متبرک آبِ زمزم کا استعمال کیا گیا، جس سے مسجد الحرام کا پورا ماحول معطر ہو گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق غسلِ کعبہ کی سالانہ تقریب میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نمازِ فجر کے بعد شریک ہوئے اور غسل کے عمل کا آغاز کیا، اس بابرکت تقریب میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اراکین، مختلف مسلم ممالک کے تعینات غیر ملکی سفارت کار، عالمِ اسلام کے جید علماء مشائخ اور دیگر اعلیٰ سعودی حکام نے شرکت کی اور بیت اللہ کو غسل دینے کی سعادت حاصل کی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ غسل کے اس مقدس عمل کے دوران غلافِ کعبہ کسوہ کی حفاظت کو خاص طور پر مدِنظر رکھا گیا، کسوہ کو کسی بھی قسم کی نمی یا نقصان سے بچانے کے لیے کعبہ کے سنہری دروازے کے پردے کو اوپر اٹھا دیا گیا تھا، تاکہ غسل دینے والی شخصیات کعبہ کے اندرونی حصے میں باآسانی داخل ہو سکیں اور دیواروں و فرش کی صفائی عرقِ گلاب اور آبِ زمزم سے کی جا سکے۔

بتایا جارہا ہے کہ غسلِ کعبہ کی تقریب کے دوران حرمین شریفین انتظامیہ اور انتظامی فورسز کی جانب سے سکیورٹی کے انتہائی سخت اور فول پروف انتظامات کیے گئے تھے، نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے عام زائرین کی ایک محدود تعداد کو مطاف میں طوافِ کعبہ کی اجازت دی گئی تھی، جو اس روح پرور منظر کے دوران مسلسل طواف اور دعاؤں میں مصروف رہے۔