بچوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے کے الزامات، میٹا کو امریکی عدالت میں بڑا دھچکا

جمعرات 2 جولائی 2026 18:02

بچوں کو سوشل میڈیا کا عادی بنانے کے الزامات، میٹا کو امریکی عدالت میں ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2026ء) فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بچوں کو عادی بنانے کے مقدمے میں قانونی دھچکا لگا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وفاقی عدالت نے میٹا کی مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کو مسترد کر دیا ہے۔امریکا کی 29 ریاستوں کے اٹارنی جنرلز نے میٹا کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کمپنی نے جان بوجھ کر فیس بک اور انسٹاگرام کو اس انداز میں ڈیزائن کیا تاکہ بچوں اور نوعمر صارفین کو زیادہ سے زیادہ وقت تک پلیٹ فارمز سے وابستہ رکھا جا سکے، جبکہ اس سے متعلق ممکنہ خطرات کو بھی مبینہ طور پر چھپایا گیا۔

کیلیفورنیا کے شہر اوکلینڈ میں امریکی ڈسٹرکٹ جج ایوون گونزالیز راجرز نے میٹا کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔

(جاری ہے)

مقدمے میں کمپنی پر صارفین کو گمراہ کرنے، غیر منصفانہ کاروباری طرزِ عمل اختیار کرنے اور چلڈرنز آن لائن پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزامات بھی شامل ہیں۔عدالت نے اپنے 38 صفحات پر مشتمل فیصلے میں یہ بھی قرار دیا کہ شکایت کنندگان کے مطابق میٹا نے والدین کو مناسب انداز میں آگاہ نہیں کیا اور نہ ہی بچوں کے ڈیٹا اور پلیٹ فارم کے استعمال کے حوالے سے ضروری اجازت حاصل کی۔دوسری جانب میٹا نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت میں شواہد کے ذریعے اپنا مقف پیش کرے گی۔