Live Updates

ؔوزیراعظم کا ایران اور ترکی کا دورہ پاکستان کیلئے اہم سفارتی موقع ثابت ہو سکتا ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

منگل 30 جون 2026 20:00

cکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2026ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا آئندہ ایران اور ترکی کا دورہ خطے کی بدلتی ہوئی جغرافیائی اور سفارتی صورتحال کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ ایران، مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات پاکستان کے لیے متوازن، فعال اور حقیقت پسندانہ خارجہ پالیسی اپنانے کا تقاضا کرتے ہیں۔

اگر اس دورے کے دوران دوست ممالک کی قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوتی ہیں تو اس سے علاقائی امن، اقتصادی تعاون، توانائی، تجارت اور باہمی روابط کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ پاکستان کو ایران کے ساتھ سرحدی تعاون، توانائی کے منصوبوں، تجارتی روابط اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینی چاہیے، جبکہ ترکی اور چین جیسے قریبی شراکت داروں کے ساتھ بھی اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی حالات میں پاکستان کو کسی بھی بلاک کا حصہ بننے کے بجائے اپنے قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے متوازن سفارت کاری کو فروغ دینا چاہیے۔ یہی حکمت عملی پاکستان کے سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں سفارت کاری، علاقائی تعاون اور تزویراتی توازن کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی، اور پاکستان کے پاس اپنی جغرافیائی اہمیت کو مؤثر سفارت کاری کے ذریعے قومی مفاد میں استعمال کرنے کا بہترین موقع موجود ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات