Live Updates

ناسا کا 25 کروڑ ڈالرز کی خلائی دوربین کو بچانے کیلئے تاریخی روبوٹک مشن شروع

بدھ 1 جولائی 2026 18:26

ناسا کا 25 کروڑ ڈالرز کی خلائی دوربین کو بچانے کیلئے تاریخی روبوٹک مشن ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2026ء) ناسا اپنے قیمتی نیل گھیریل سوئفٹ آبزرویٹری کو زمین کے ماحول میں جل کر تباہ ہونے سے بچانے کے لیے ایک منفرد نوعیت کے روبوٹک مشن پر کام کر رہا ہے۔2004 میں لانچ ہونے والی یہ خلائی دوربین گزشتہ دو دہائیوں سے کائنات میں ہونے والے طاقتور دھماکوں، جیسے گاما رے برسٹس اور سپرنووا کا مشاہدہ کر رہی ہے، تاہم حالیہ برسوں میں سورج کی بڑھتی ہوئی سرگرمی کے باعث دوربین کی مدارتیزی سے کم ہونے لگی۔

اگر اس کی بلندی نہ بڑھائی گئی تو اس کے 2026 کے دوران زمین کے ماحول میں داخل ہو کر جلنے کا خدشہ ہے۔ناسا کی سائنس مشنز کی سربراہ نکی فوکس نے کہا کہ اگر سوئفٹ دوربین ضائع ہو گئی تو ناسا ایک انتہائی اہم سائنسی صلاحیت سے محروم ہو جائے گا، جبکہ محدود بجٹ کے باعث اس جیسی نئی دوربین بنانا فی الحال ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

اسی مقصد کے لیے ناسا نے امریکی کمپنی کو تقریبا 3 کروڑ ڈالر کا معاہدہ دیا ہے، کمپنی نے لنک نامی ایک چھوٹا روبوٹک خلائی جہاز تیار کیا ہے، جو تین روبوٹک بازوں کی مدد سے سوئفٹ دوربین کو پکڑے گا اور اسے تقریبا 360 کلومیٹر کی موجودہ بلندی سے بڑھا کر تقریبا 600 کلومیٹر کے محفوظ مدار میں منتقل کرنے کی کوشش کرے گا۔

کامیابی کی صورت میں دوربین کی عملی زندگی کم از کم ایک سال اور ممکنہ طور پر اس سے بھی زیادہ بڑھ سکتی ہے۔یہ روبوٹک خلائی جہاز مارشل آئی لینڈز کے قریب ایک طیارے سے چھوڑے جانے والے راکٹ کے ذریعے مدار میں بھیجا جا رہا ہے، مدار میں پہنچنے کے بعد اسے سوئفٹ دوربین تک پہنچنے میں تقریبا ایک ماہ لگے گا، جبکہ اس کے بعد مدار بلند کرنے کا عمل کئی ہفتوں سے چند ماہ تک جاری رہ سکتا ہے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات