پاکستان ہاکی کی بحالی کا بڑا قدم، ڈچ ماہر ہرمن کروئس دو سال کے لیے قومی کوچنگ ایڈوائزر مقرر

جمعرات 2 جولائی 2026 16:29

پاکستان ہاکی کی بحالی کا بڑا قدم، ڈچ ماہر ہرمن کروئس دو سال کے لیے قومی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے گرتے ہوئے معیار کو دوبارہ بلند کرنے اور کھیل کی بحالی کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ہالینڈ (ڈچ)کے مایہ ناز ہاکی کوچ اور ہائی پرفارمنس کے ماہر ہرمن کروئس کو ابتدائی طور پر دو سال کے لیے پاکستان کا قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے۔

ہرمن کروئس عالمی ہاکی میں ایک انتہائی معزز اور تجربہ کار نام ہیں۔ وہ کئی دہائیوں کا بین الاقوامی تجربہ رکھتے ہیں اور یورپ سمیت ایشیا اور دیگر خطوں میں قومی ٹیموں اور ایلیٹ ہاکی پروگراموں کی کوچنگ اور مشاورت کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ جدید کوچنگ سسٹم کی تیاری، نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے، اور بڑی بین الاقوامی چیمپئن شپس کے لیے ٹیموں کو تیار کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

بطور نیشنل ہاکی کوچنگ ایڈوائزر، ہرمن کروئس پاکستان ہاکی کے پورے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پی ایچ ایف کی رہنمائی کریں گے۔ وہ سینئر اور جونیئر قومی ٹیموں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ پاکستان ہاکی میں کوچنگ اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے جدید اور پائیدار ہائی پرفارمنس فریم ورک تیار کریں گے۔ مختلف شعبوں کے ماہر کوچز کے ساتھ مل کر تکنیکی معاونت فراہم کریں گے اور ٹیلنٹ کی شناخت کے پروگرامز کو بہتر بنائیں گے۔

ہرمن کروئس آئندہ ورلڈ کپ کے آغاز پر پاکستانی ٹیم کو جوائن کریں گے، جہاں وہ عبوری دور کے دوران کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ورلڈ کپ کے فوری بعد، وہ ایشین گیمز اور دیگر بڑے بین الاقوامی ایونٹس کے لیے سینئر اور جونیئر ٹیموں کی منصوبہ بندی اور تیاریوں کی باقاعدہ قیادت سنبھالیں گے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق، ہرمن کروئس کا یہ تقرر پاکستان ہاکی کی بحالی کی جامع حکمت عملی کا پہلا حصہ ہے۔ پی ایچ ایف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ انشا اللہ آنے والے مہینوں میں مزید عالمی معیار کے ماہرین اور کوچز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ فیڈریشن نے ہرمن کروئس کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے وسیع تجربے سے پاکستان ہاکی کے سنہرے دور کی واپسی ممکن ہو سکے گی۔