ایف پی ایس سی نے سی ایس ایس 2027 کے امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا

جمعہ 3 جولائی 2026 19:47

ایف پی ایس سی نے سی ایس ایس 2027 کے امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2026ء) فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) 2027 کے سالانہ امتحانات کے لیے ابتدائی شیڈول جاری کرتے ہوئے امیدواروں کے لیے اہم تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری ایڈوانس پبلک نوٹس کے مطابق امتحانی عمل کا آغاز رواں سال اگست میں ابتدائی اسکریننگ ٹیسٹ (ایم پی ٹی) کے لیے آن لائن درخواستوں کی وصولی سے ہوگا۔

کمیشن کے مطابق ایم سی کیو بیسڈ پریلیمینری ٹیسٹ (ایم پی ٹی) کے لیے امیدوار 3 اگست سے 20 اگست 2026 تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ سی ایس ایس 2027 کے تحریری امتحان میں شرکت کے لیے ایم پی ٹی پاس کرنا لازمی ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ اسکریننگ ٹیسٹ 27 ستمبر 2026 کو ملک بھر کے مختلف امتحانی مراکز میں منعقد کیا جائے گا۔فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے مطابق اسکریننگ ٹیسٹ کے بعد سی ایس ایس 2027 کے باقاعدہ تحریری امتحان کا اشتہار 8 نومبر 2026 کو جاری کیا جائے گا، جبکہ اہل امیدوار 10 نومبر سے 25 نومبر 2026 تک آن لائن درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

کمیشن نے مزید بتایا کہ آن لائن درخواست جمع کرانے کے بعد امیدواروں کو درخواست کی ہارڈ کاپی اور تمام مطلوبہ تعلیمی و دیگر ضروری دستاویزات 4 دسمبر 2026 تک ایف پی ایس سی ہیڈ کوارٹر میں جمع کرانا ہوں گی۔ایف پی ایس سی نے سی ایس ایس 2027 میں شرکت کے خواہشمند امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کی پابندی کرتے ہوئے اپنی درخواستیں اور مطلوبہ دستاویزات بروقت جمع کرائیں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔