صدرآصف علی زرداری آئندہ ہفتے سرکاری دورے پر کرغیزستان جائیں گے

جمعہ 3 جولائی 2026 20:50

صدرآصف علی زرداری آئندہ ہفتے سرکاری دورے پر کرغیزستان جائیں گے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2026ء) صدر مملکت آصف علی زرداری آئندہ ہفتے کرغیزستان کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ کرغیز صدر سادیر جعفروف کی دعوت پر مختلف اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری 6 جولائی سے 9 جولائی تک کرغیزستان میں قیام کریں گے۔ دورے کے آغاز پر وہ چولوپون آتا پہنچیں گے، جبکہ 8 جولائی کو وہاں سے دارالحکومت بشکیک روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری کی کرغیزستان کے صدر سادیر جعفروف اور وزیراعظم کے ساتھ ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔سفارتی ذرائع کے مطابق صدر مملکت بشکیک میں یادگارِ شہدائ پر بھی حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھاکر خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔یہ دورہ پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان سیاسی، سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔