وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں کی جمشید کازی کنٹری نمائندہ یو این ویمن پاکستان سے ملاقات

جمعہ 3 جولائی 2026 19:56

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں کی جمشید کازی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2026ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے وزیراعظم آفس میں یو این ویمن پاکستان کے کنٹری نمائندے جمشید قاضی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نوجوانوں کی ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے باہمی تعاون کے مختلف مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعہ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خواتین پاکستان کے کنٹری ریپریزنٹیٹو جمشید قا ضی، ڈپٹی کنٹری ریپریزنٹیٹو فہمیدہ اقبال خان، پروگرام منیجر سمن احسن، پروگرام آفیسر ذیشان حسین جبکہ وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے سینئر افسران اور نمائندگان موجود تھے۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے یو این ویمن کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے خواتین کے حقوق، صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ادارے کی مسلسل کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور اس کے نمایاں 4Es Initiative کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جس کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم (Education)، روزگار (Employment)، سماجی شمولیت (Engagement) اور ماحولیات (Environment) کے شعبوں میں بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا وزیراعظم یوتھ پروگرام کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم (PMBA&LS) میں تمام کیٹیگریز میں خواتین کے لیے 25 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پلان (NYEP) کے تحت 2030 تک خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت کو 35 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے نیشنل یوتھ ایڈولیسنس پالیسی (NYAP) اور نوجوان خواتین کے لیے دیگر خصوصی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔چیئرمین نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے بزنس لون اسکیم فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کے منصوبے پر بھی روشنی ڈالی، جہاں تمام 25 شریک بینکس اور مائیکرو فنانس ادارے ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گے تاکہ نوجوانوں، بالخصوص خواتین، کو مالی معاونت اور کاروباری رہنمائی تک آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے ڈیجیٹل یوتھ ہب (Digital Youth Hub) کا بھی ذکر کیا، جو پاکستان کا پہلا جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے اور نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، کاروبار، مہارتوں کی ترقی اور دیگر مواقع سے ایک ہی جگہ پر جوڑتا ہے۔ روزگار اور مہارتوں کے فروغ سے متعلق اقدامات پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نے یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام (YSDP)، نیشنل انوویشن ایوارڈ (NIA) اور ڈیجیٹل یوتھ ہب کا ذکر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اب تک 8 لاکھ سے زائد صارفین اور 3 ہزار سے زیادہ کمپنیاں رجسٹر ہو چکی ہیں، جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار، کاروبار اور مہارتوں کے مواقع کا ایک مضبوط نظام تشکیل پا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں اور خواتین کی ترقی کے لیے کام کرنے والے تمام قومی اور بین الاقوامی شراکت داروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مثبت نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

جمشید قاضی نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جامع وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ یو این ویمن پاکستان خواتین اور بچیوں کو بااختیار بنانے کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ مل کر کام کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے شمار خواتین صلاحیتوں سے مالا مال ہیں تاہم انہیں مہارتوں کی تربیت، رہنمائی، مارکیٹ تک رسائی، وسائل اور اپنے کاروبار یا منصوبوں کو وسعت دینے کے مواقع میسر نہیں آتے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یو این ویمن پاکستان، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ مل کر تربیت، استعداد کار میں اضافہ، علم کے تبادلے اور وسیع تر رسائی کے ذریعے ان خلا کو پُر کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرے گا۔جمشید قاضی نے یو این ویمن پاکستان کے آئندہ ویمن لیڈرز مینٹورشپ پروگرام سے بھی آگاہ کیا، جس کا مقصد سیاست اور قیادت میں دلچسپی رکھنے والی خواتین کی رہنمائی اور استعداد کار میں اضافہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یو این ویمن اس پروگرام کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اشتراک سے شروع کرنے کا خواہاں ہے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے اور پاکستان بھر میں نوجوانوں اور خواتین کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔