Live Updates

ایک موٹرسائیکل 9 سواریاں! ہینڈل سے مڈگارڈ تک سواریوں کا انوکھا توازن دیکھ کر ہر کوئی دنگ

ٹریفک والو! مزہ تو تب ہے کہ ان سب کو ہیلمٹ پہناؤ؛ ایکس صارف کا دلچسپ تبصرہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 6 جولائی 2026 14:11

ایک موٹرسائیکل 9 سواریاں! ہینڈل سے مڈگارڈ تک سواریوں کا انوکھا توازن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جولائی 2026ء) زندہ دلانِ لاہور کی اکثر ایسی ویڈیوز دکھائی دیتی ہیں جو دیکھنے والوں کو حیران کردیتی ہیں، لیکن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس تازہ ترین ویڈیو نے حیرت کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سر پکڑنے پر بھی مجبور کر دیا کیوں کہ لاہور کی ایک سڑک پر ایک عام سی موٹر سائیکل پر ایک، دو یا تین نہیں بلکہ پورے 9 افراد کو سوار ہو کر سفر کرتے دیکھا گیا ہے، جس کی ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے شیئر کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد زندگی کو داؤ پر لگا کر سفر کر رہے ہیں، اس منفرد سواری کا نقشہ کچھ یوں ہے کہ موٹر سائیکل کو ایک نوجوان مرد چلا رہا ہے جس نے ہینڈل کے بالکل پاس پہنچ کر ٹینکی پر خود کو ایڈجسٹ کیا ہوا ہے، موٹر سائیکل پر سب سے پیچھے ایک خاتون روایتی انداز میں بیٹھی ہیں جنہوں نے گود میں اور اپنے ارد گرد بچوں کا گھیرا سنبھال رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سے زیادہ بطور گاڑی استعمال کی جانے والی اس سواری پر چھوٹے بچے اور بچیاں بھی موجود ہیں جو ایک دوسرے سے چمٹ کر بیٹھے ہیں تاکہ توازن برقرار رہے، ایک بچی کو ڈرائیور کی کمر سے مضبوطی سے لپٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دیگر بچے بیچ میں جکڑے ہوئے ہیں، اس سارے منظر پر ایک سوشل میڈیا صارف نے لاہور ٹریفک پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے ایک ایسا دلچسپ تبصرہ کیا جو خوب وائرل ہو رہا ہے۔

اس حوالے سے اپنے ٹویٹ میں صارف نے لکھا کہ "ٹریفک والو! مزہ تو تب ہے کہ ان سب کو ہیلمٹ پہناؤ"، یہ تبصرہ اس لیے بھی سامنے آیا کیوں کہ ٹریفک وارڈنز عام طور پر موٹر سائیکل پر دو سواریوں اور ہیلمٹ نہ ہونے پر چالان کاٹ دیتے ہیں، لیکن اگر قانون کے مطابق اس موٹر سائیکل پر سوار تمام 9 افراد کو ہیلمٹ پہنانے کی شرط رکھی جائے تو شاید موٹر سائیکل پر ہیلمٹ رکھنے کی جگہ ہی نہ بچے۔

اگرچہ یہ منظر پہلی نظر میں انتہائی دلچسپ اور پاکستانیوں کے ’جگاڑو نظام‘ کا عکاس دکھائی دیتا ہے، لیکن لاہور شہر جیسی مصروف سڑکوں پر معصوم بچوں کے ساتھ ایسا سفر کسی بڑے حادثے کو دعوت دینے کے مترادف ہے، موٹر سائیکل کا اپنا ایک وزن و توازن ہوتا ہے، اور 9 افراد کا بوجھ معمولی سی لغزش پر پوری فیملی کو سڑک پر لا سکتا ہے، لہٰذا اس معاملے میں ہمیشہ احتیاط کرنی چاہیئے اور اس طرح کے سفر سے گریز کریں تاکہ قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات