وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی نومنتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ کو مبارکباد

پیر 6 جولائی 2026 16:24

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی نومنتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2026ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کو حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مدبرانہ قیادت اور عوام کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ امجد حسین ایڈووکیٹ اپنی صلاحیتوں، دیانتداری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ذریعے گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کو تاریخی مینڈیٹ دیا ہے، جو عوام کی پارٹی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور وفاق کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں گلگت بلتستان میں ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور گلگت بلتستان حکومت باہمی تعاون، قومی یکجہتی اور عوامی مفاد کے منصوبوں کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے اور ملک کی تمام اکائیوں کی خوشحالی ہماری مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔