بابراعظم کی ٹیم کی تیاریوں،مستقبل کے اہداف اور نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی بارے گفتگو

پیر 6 جولائی 2026 16:38

بابراعظم کی ٹیم کی تیاریوں،مستقبل کے اہداف اور نوجوان کھلاڑیوں کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2026ء) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کی کپتانی کرنا ہمیشہ اعزاز کی بات رہی ہے۔ پیر کو "سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ" کی دوسری قسط میں گفتگو کرتے ہوئے اپنی کپتانی،ٹیم کی تیاریوں،مستقبل کے اہداف اور نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی سے متعلق خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ انہوں نے ماضی کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اس بار بہتر منصوبہ بندی اور مثبت سوچ کے ساتھ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ایک کپتان میں پختگی اور واضح سوچ پیدا ہوتی ہے جبکہ بطور کپتان انہوں نے اپنے فیصلوں کا جائزہ لیکر ان سے سیکھنے کی کوشش بھی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مشکل وقت میں بھرپور سپورٹ فراہم کریں کیونکہ بین الاقوامی کرکٹ دبائو کا کھیل ہے۔

(جاری ہے)

ان کیمطابق وہ نوجوان کھلاڑیوں سے مسلسل بات چیت کرتے ہیں تاکہ ان کا دبائو کم کیا جا سکے۔

بابر اعظم نے کہا کہ انکی توجہ تین بنیادی نکات پر مرکوز ہےجن میں ڈسپلن،فٹنس اور کارکردگی شامل ہیں اور ان معاملات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہونے والا ریڈ بال کیمپ ٹیم کیلئے انتہائی اہم ثابت ہوا،جہاں مشکل کنڈیشنز میں ٹریننگ کے ذریعے کھلاڑیوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ میچ کے دبائو اور مختلف صورتحال سے نمٹنے کی مشق بھی کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کا آئندہ دورہ چیلنجنگ ہوگاتاہم ٹیم نے اس کیلئے بھرپور تیاری کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں کئی پاکستانی کھلاڑیوں کو کائونٹی کرکٹ کھیلنے کا تجربہ حاصل ہے، جو ٹیم کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔بابر اعظم نے اپنی بیٹنگ سے متعلق کہا کہ ان کی سوچ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہوتی ہے۔ اگر ٹیم کو تیز رفتار بیٹنگ درکار ہو تو وہ اسی انداز میں کھیلتے ہیں جبکہ صورتحال دفاعی بیٹنگ کا تقاضا کرے تو وہ اس کے مطابق حکمت عملی اپناتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ مثبت تنقید کو سنتے ہیں اور مفید مشوروں پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ نوجوان کرکٹرز کو پیغام دیتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ وہ خود پر یقین رکھیں،مسلسل محنت جاری رکھیں اور صبر سے کام لیں کیونکہ نتائج ایک ہفتے یا ایک ماہ میں نہیں آتے بلکہ مستقل روٹین اور محنت ہی کامیابی کی ضمانت بنتی ہے۔بابر اعظم نے آخر میں کہا کہ وہ شائقین کی بلند توقعات سے بخوبی آگاہ ہیں اور پوری ٹیم ان توقعات پر پورا اترنے کیلئے اپنی بھرپور کوشش کرے گی۔