قومی کرکٹرز کے بیرونِ ملک لیگ کھیلنے کے امکانات کم ہوگئے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگست میں 4 ٹیموں کا ون ڈے ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے: ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 6 جولائی 2026 15:18

قومی کرکٹرز کے بیرونِ ملک لیگ کھیلنے کے امکانات کم ہوگئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 جولائی 2026ء ) قومی کرکٹرز کے اگست کے مہینے میں بیرونِ ملک لیگ کھیلنے کے امکانات کم ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگست میں 4 ٹیموں کا ون ڈے ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

 

کیریبیئن پریمئیر لیگ 7 اگست سے 20 ستمبر تک شیڈولڈ ہے اور متعدد قومی کرکٹرز کو سی پی ایل میں شرکت کے لیے پی سی بی سے این او سی کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کو بتا دیا گیا ہے کہ اگست میں ون ڈے ٹورنامنٹ ہو رہا ہے لہٰذا وائٹ بال کرکٹرز کے لیے ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت لازمی ہے۔

 
پی سی بی نے معاذ صداقت کو پہلے ہی این او سی جاری کردیا تھا اور ٹورنامنٹ کے فیصلے کی وجہ سے اب معاذ صداقت کی بھی شرکت کا امکان نہیں۔ 
سی پی ایل کے لیے صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سفیان مقیم، سعد مسعود، عثمان خان اور سلمان ارشاد کو این او سی نہ ملنے کا امکان ہے۔ 
پی سی بی نے آئندہ سیزن میں ورلڈکپ سے قبل زیادہ ون ڈے میچز ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ کرانے کا فیصلہ کیا، پی سی بی میگا ایونٹ سے قبل ون ڈے سکواڈ کے لیے اچھے کھلاٖڑیوں کو تلاش کرنا چاہتا ہے۔