گلگت ،بلاول بھٹو کا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن، ایک ماہ میں انکوائری رپورٹ طلب

منگل 7 جولائی 2026 21:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2026ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے عہدیداران، امیدواروں اور کارکنوں کے خلاف سخت تنظیمی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندر انکوائری رپورٹ طلب کر لی۔گلگت میں وزیر اعلی ہاس میں بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پارٹی کی صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی قیادت کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حالیہ انتخابات اور پارٹی کے تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ضلعی صدور اور پارٹی امیدواروں کی جانب سے پیش کی گئی شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری انجینئر محمد اسماعیل کو ہدایت کی کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے عہدیداران، امیدواروں اور کارکنوں کے خلاف فوری طور پر انکوائری شروع کی جائے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے ہدایت کی کہ انکوائری ایک ماہ کے اندر مکمل کر کے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ذمہ دار افراد کے خلاف پارٹی آئین اور ضوابط کے مطابق تنظیمی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔