Live Updates

ہم بد زبانی کا جواب بد زبانی سے نہیں، عملی اقدام سے دیتے ہیں، ایرانی وزیرخارجہ

مہذب اور بہادر ایرانی قوم کو اس طرح کی توہین آمیز زبان میں مخاطب کرنے سے ہماری تاریخی عظمت اور وقار میں کوئی کمی نہیں آتی؛ عباس عراقچی کا امریکی صدر کے ریمارکس پر ردعمل

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 جولائی 2026 11:14

ہم بد زبانی کا جواب بد زبانی سے نہیں، عملی اقدام سے دیتے ہیں، ایرانی ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2026ء) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی قیادت اور قوم کے خلاف استعمال کی گئی زبان پر گہرے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران بدزبانی کا جواب بدزبانی سے دینے کے بجائے میدانِ عمل میں جواب دینے پر یقین رکھتا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ بیان میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر، جس میں انہوں نے ایرانیوں کو "بیمار، برے لوگ اور گندے کھلاڑی" کہا تھا، اس کا سخت جواب دیتے ہوئے لکھا کہ مہذب اور بہادر ایرانی قوم کو اس طرح کی توہین آمیز زبان میں مخاطب کرنے سے اس کی تاریخی عظمت اور وقار میں کوئی کمی نہیں آتی۔

عباس عراقچی نے ایرانی قوم کے تشخص کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام اپنی شائستگی، گہری ثقافت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کے باعث دنیا بھر میں ایک منفرد اور معزز پہچان رکھتے ہیں، اور ایسی زبان ان کی تہذیب پر اثرانداز نہیں ہو سکتی، ہم بدزبانی کا جواب بدزبانی سے نہیں دیتے، ایران انتہائی بے خوفی اور غیر معمولی جرأت کے ساتھ براہِ راست عملی اقدام کے ذریعے جواب دیتا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے سعودی عرب اور دیگر ممالک کے جہازوں پر حملے کیے، ہم نے گزشتہ رات ایران کے انتہائی خطرناک لوگوں پر بہت طاقتور حملے کیے ہیں، وہ بیمار ذہنیت لوگ ہیں، ان کے ساتھ کچھ مسئلہ ہے، ہم نے ایران کے معاملے میں بہت زیادہ وقت ضائع کر دیا، میرا خیال ہے اب ایران کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت ختم ہو چکی ہے، اب ہمیں اپنا کام کرنا ہوگا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات