Live Updates

امریکہ ایران جنگ میں شدت؛ امریکی افواج کا 90 ایرانی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

جواب میں پاسدارانِ انقلاب نے کویت اور بحرین میں امریکی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کردیئے، خطرے کے سائرن بج اٹھے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 جولائی 2026 10:48

امریکہ ایران جنگ میں شدت؛ امریکی افواج کا 90 ایرانی فوجی اہداف کو نشانہ ..
تہران، واشنگٹن، منامہ، کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2026ء) امریکی فوج کی جانب سے ایران میں مسلسل دوسرے دن تباہ کن بمباری کرتے ہوئے 90 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 14 ایرانی شہری جاں بحق ہو گئے، جواب میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے بحرین اور کویت میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کردیئے، جس کے بعد دونوں ممالک میں خطرے کے سائرن بج اٹھے اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کی مرکزی کمان سینٹ کام نے اعلان کیا ہے کہ اس کی افواج نے ایران کے خلاف فضائی حملوں کا ایک اور بڑا مرحلہ مکمل کرلیا، جس میں ایران کے تقریباً 90 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، ان حملوں میں ایران کا فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے وسائل، میزائل و ڈرون ذخیرہ گاہیں، بحری صلاحیتیں اور ساحلی علاقوں میں واقع فوجی لاجسٹک انفراسٹرکچر شامل ہیں، ان حملوں کا مقصد ایران کی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی اور بے گناہ شہری ملاحوں پر حملہ کرنے کی فوجی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ امریکی طیاروں نے بوشہر، بندر عباس اور ابو موسیٰ جزیرے سمیت متعدد ساحلی مقامات پر شدید بمباری کی، ایرانی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ ان تازہ امریکی حملوں کے نتیجے میں اب تک 14 افراد جان بحق اور درجنوں شدید زخمی ہو چکے ہیں۔ ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے امریکی بمباری کا فوری اور سخت جواب دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے ایران پر حملوں کے انتقام میں کویت میں قائم امریکی فوج کے 2 اڈوں اور بحرین میں بھی 2 امریکی فوجی اڈوں کو اپنے میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، اگر امریکہ نے دوبارہ ایران پر حملے کی حماقت کی تو ایران کا یہ ردعمل خطے میں موجود دیگر تمام امریکی فوجی اڈوں تک پھیل جائے گا اور کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ امریکی حملوں کے چند گھنٹے بعد ہی کویتی فوج نے ہنگامی بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام اس وقت دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا کر رہا ہے، ملک میں جو دھماکوں کی شدید آوازیں سنائی دے رہی ہیں، وہ دراصل کویتی فضائی دفاعی نظام کی جانب سے دشمن کے ان میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ اور ناکام بنانے کی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔

اسی طرح بحرین کی وزارتِ داخلہ نے بھی ملک میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے ہیں، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ پینک یعنی خوف کا شکار نہ ہوں، بلکہ اس صورتحال میں بالکل پرسکون رہیں اور الرٹ جاری ہوتے ہی فوری طور پر اپنے قریبی ترین محفوظ مقامات جن میں بنکرز یا شیلٹرز شامل ہیں، ان کی جانب چلے جائیں۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات