پے درپے شکستوں کے بعد بھارتی ٹیم میں بھونچال، کوچنگ سٹاف میں اکھاڑ پچھاڑ کا امکان

گزشتہ کئی مہینوں سے بھارتی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا نہیں ہے: بھارتی میڈیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 11 جولائی 2026 12:13

پے درپے شکستوں کے بعد بھارتی ٹیم میں بھونچال، کوچنگ سٹاف میں اکھاڑ ..
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 جولائی 2026ء ) جنوبی افریقا، آئرلینڈ اور پھر انگلینڈ کے خلاف پے درپے شکستوں کے بعد ٹی ٹونٹی چیمپئن بھارتی ٹیم میں بھونچال پیدا ہوگیا۔ 
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں اکھاڑ پچھاڑ ہونے کا امکان ہے، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے کوچنگ اسٹاف کا اہم رکن فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔

 
میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ مسلسل شکستوں کے بعد بھارتی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول کشیدہ ہے، جنوبی افریقا کے خلاف وائٹ واش کے بعد ڈریسنگ روم میں دراڑیں آچکی ہیں، گزشتہ کئی مہینوں سے ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا نہیں ہے۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق گوتم گمبھیر کے کوچنگ اسٹاف کے اہم رکن کا آئی پی ایل کی ٹیم جوائن کرنے کا امکان ہے، سپورٹ سٹاف کے ایک اور رکن کے بھی جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

 
سلیکٹرز اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان اختلافات نے معاملات کو مزید پیچیدہ کردیا ہے، انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد بھارتی بورڈ کا اہم جائزہ اجلاس ہوگا جس میں بھارتی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں اہم تبدیلیوں کا امکان ہے۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق سیکرٹری بی سی سی آئی دیواجیت سائیکا ٹیم کی ناکامیوں پر بورڈ کی ریویو میٹنگ کا کہہ چکے ہیں، ریویو میٹنگ میں بھارتی ٹیم کی ناکامیوں کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔ 
خیال رہے کہ جنوبی افریقا سے دو ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز میں کلین سوئپ کے بعد بھارت کو آئرلینڈ نے بھی دو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا اور اب انگلیڈ کے خلاف 5 میچوں کی سیریز میں بھی بھارت 0-3 کے خسارے کے ساتھ سیریز سے ہاتھ دھو چکا ہے۔