عالمی چیمپیئن بھارت کی مسلسل ناکامیاں، کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 11 جولائی 2026 15:20

عالمی چیمپیئن بھارت کی مسلسل ناکامیاں، کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 11 جولائی 2026ء) بھارت کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ بھارتی ٹی ٹوئنٹی کی قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائکیا نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم آئرلینڈ اور انگلینڈ میں مسلسل سیریز ہارنے کے بعد شدید تنزلی کا شکار ہوئی ہے۔

بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو جمعرات کو انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد میزبان ٹیم نے پانچ میچوں کی اس سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

پہلا میچ بارش کی نذز ہو گیا تھا۔

یہ بھارت کی مسلسل پانچویں شکست تھی۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ آئرلینڈ نے بھی اسے دو صفر سے سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم کا دورہ انگلینڈ انیس جولائی کو مکمل ہو گا، جس کے بعد ٹیم کی خراب کارکردگی کی وجوہات جاننے کی خاطر ایک 'ری ویو اجلاس' منعقد کیا جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کے لیے ایڈنبرا میں موجود سائکیا نے اے ایف پی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا، ''بی سی سی آئی اس وقت انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز میں بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے، جو توقعات کے مطابق نہیں رہی۔

‘‘

انہوں نے مزید کہا، ''ہم ٹیم کے اہم ارکان کے ساتھ جائزے کے لیے ایک اجلاس منعقد کریں گے تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ انگلینڈ میں کیا غلط ہوا۔‘‘

مارچ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کی فارم میں ڈرامائی تنزلی دیکھی گئی ہے۔ جمعرات کو برسٹل میں بھارت نے سات وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے۔ اس ہدف کو انگلینڈ نے صرف ایک وکٹ گنوا کر چودہ اوور مکمل ہونے سے پہلی حاصل کر لیا۔

اس سے چند روز قبل ناٹنگھم میں بھارتی ٹیم صرف 76 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور اسے 125 رنز کے فرق سے اپنی تاریخ کی بدترین ٹی ٹوئنٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سائکیا نے اس خراب کارکردگی کو ایک عارضی بحران قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ''یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے اور بین الاقوامی کرکٹ میں ایسا ہو سکتا ہے۔ ہم اسے محض ایک خراب دور سمجھتے ہیں۔

‘‘

گوتم گمبھیر کی کوچنگ میں کھیلنے والی بھارتی ٹیم اس وقت اپنے اہم فاسٹ بولر جسپریت بمرا اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی خدمات سے محروم ہے۔ دونوں کھلاڑی ورک لوڈ اور انجری مینجمنٹ کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

15 سالہ نوجوان ویبھو سوریا ونشی، جنہیں طویل انتظار کے بعد ڈیبیو کا موقع دیا گیا، اب تک خاص تاثر قائم نہیں کر سکے۔ انہوں نے اپنی تین اننگز میں بالترتیب 14، 13 اور 15 رنز بنائے۔

دونوں ٹیمیں آج بروز ہفتہ ساؤتھ ہیمپٹن میں پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں مدمقابل ہیں، جس کے بعد تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔