Live Updates

سعودی عرب نے ایران کی عسکری کارروائیوں کی مذمت کردی

ایران کے عدم استحکام پیدا کرنے والے مسلسل اقدامات خطے میں امن اور استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں،بیان

اتوار 12 جولائی 2026 22:10

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2026ء) سعودی عرب نے ایران کی طرف سے کی گئی عسکری کارروائیوں کی مذمت کردی۔سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کے عدم استحکام پیدا کرنے والے مسلسل اقدامات خطے میں امن اور استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ایران نے بین الاقوامی قانون اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کو پامال کیا ہے، سعودی عرب ایران کے ہمسایوں پر مسلسل حملوں کی مذمت کرتا ہے۔

خیال رہے کہ ایران پر تازہ امریکی حملوں کے بعد عمان، قطر، اردن، بحرین اور کویت میں ایران کی جانب سے امریکی فوجی اہداف پر حملے کیے گئے ہیں۔ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ عمان کی بندرگاہ دقم میں امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے لیے استعمال ہونے والے لاجسٹک سپورٹ مراکز اور ایندھن بھرنے والے پلیٹ فارمز پر شدید اور اچانک حملہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

قطر میں العدید فضائی اڈے پر بھی بیلسٹک میزائل داغے اور جنگی طیاروں کی دیکھ بھال اور مرمت کا مرکز اور ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تباہ کردیا گیا۔ایرانی فوج نے کویت اور بحرین میں امریکی فوج کے زیر استعمال پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، اسلحہ گودام اور ریڈار تنصیب کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔علاوہ ازیں اردن کے سلطان حسن ایئر بیس پر امریکی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور ایم کیو نائن ڈرونز کا ہینگر تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات