علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس سیالکوٹ کے زیر اہتمام پسرور میں طلبہ کے لئے آگاہی سیشن کا انعقاد

منگل 14 جولائی 2026 16:09

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2026ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس سیالکوٹ کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پسرور میں تحصیل پسرور سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کے لیے کیمپس مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس ) اور لرننگ مینجمنٹ سسٹم (ایل ایم ایس ) کے حوالے سے تعارفی و آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن کا مقصد طلبہ کو یونیورسٹی کے جدید ڈیجیٹل نظام سے روشناس کرانا اور انہیں آن لائن تعلیمی سہولیات کے مؤثر استعمال کے قابل بنانا تھا۔

اس موقع پر شرکاء کو سی ایم ایس اور ایل ایم ایس میں لاگ اِن کرنے، کورس رجسٹریشن، اسائنمنٹس اپ لوڈ کرنے، آن لائن ورکشاپس میں شرکت، امتحانات، نتائج اور دیگر تعلیمی سہولیات کے استعمال کے حوالے سے آسان اور عملی انداز میں تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

مقررین نے طلبہ کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے اور انہیں درپیش تکنیکی و تعلیمی مسائل کے حل سے آگاہ کیا۔

سیشن میں شریک طلبہ و طالبات نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو نہایت مفید قرار دیا اور کہا کہ اس سے انہیں یونیورسٹی کے آن لائن نظام، اسائنمنٹس، ورکشاپس اور امتحانات سے متعلق اپنی متعدد الجھنیں دور کرنے میں مدد ملی۔ ریجنل کیمپس انتظامیہ نے اس موقع پر کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے طلبہ کو معیاری اور آسان تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، جبکہ مستقبل میں بھی طلبہ کی رہنمائی اور سہولت کے لیے ایسے آگاہی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :