بارکھان۔رکھنی شاہراہ کی تعمیر دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ، ڈپٹی کمشنر کی روزانہ پیش رفت رپورٹ طلب

جمعہ 17 جولائی 2026 23:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2026ء) ڈپٹی کمشنر بارکھان سعیدالرحمن کاکڑ کی زیر صدارت آل پارٹیز ضلع کے رہنماؤں اور معززینِ شہری کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے عوامی مسائل، جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران بارکھان۔

رکھنی شاہراہ کی تعمیر میں سست روی کا معاملہ خصوصی طور پر زیرِ بحث آیا۔ اس موقع پر منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ظفر علی کھوسو نے جاری تعمیراتی کاموں سے متعلق شرکاء کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شاہراہ کی تعمیر کا کام آئندہ روز سے دوبارہ شروع کر دیا جائے گا، جبکہ منصوبے کی پیش رفت سے ڈپٹی کمشنر کو روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے گا تاکہ کام مقررہ مدت میں معیاری انداز کے ساتھ مکمل ہو سکے۔

(جاری ہے)

شرکاء اجلاس نے بارکھان ٹاؤن اور رکھنی سٹی میں بجلی کی فراہمی کا سابقہ شیڈول بحال کرنے، دیہی علاقوں کے فیڈرز کی بجلی بحال کرنے، ناہڑ کوٹ روڈ پر زیر تعمیر پل کی جلد تکمیل اور بغاو میں یوفون فور جی سروس فعال کرنے کے مطالبات بھی پیش کیے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ضلع بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر معیار کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات بروقت حاصل ہو سکیں۔

شرکاء نے 2022 کے سیلاب متاثرین کے لیے ورلڈ بینک کے تعاون سے ایک کمرہ تعمیر کرنے کے منصوبے پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا اور منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق شفاف تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم کے کلسٹر بجٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ پرائمری اور مڈل اسکولوں کے بجٹ کی شفاف تقسیم یقینی بنائی جائے، مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی جائیں اور ہر اسکول کو جاری کیے جانے والے بجٹ کی تفصیلات عوامی آگاہی کے لیے نمایاں مقامات پر آویزاں کی جائیں۔

اجلاس میں آل پارٹیز کی جانب سے صدیق کھیتران، حاجی طارق خان کھیتران، انجینئر جمال خان کھیتران، تاج محمد قاسمانی، مولوی عبدالرزاق بہدیانی اور وڈیرہ نیک محمد باڈانی، جبکہ معززینِ شہر کی جانب سے وڈیرہ غلام سرور خان کھیتران اور محمد حنیف کھیتران نے شرکت کی۔ اختتام پر ڈپٹی کمشنر سعیدالرحمن کاکڑ نے شرکاء کی تجاویز کو سراہتے ہوئے متعلقہ محکموں کو عوامی مسائل کے فوری حل، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور عوامی مفاد کے منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔