ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کا ون ڈے ورلڈ کپ کے نئے فارمیٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار

ہفتہ 18 جولائی 2026 22:54

ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کا ون ڈے ورلڈ کپ کے نئے فارمیٹ کے فیصلے پر تحفظات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2026ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی جانب سے اعلان کئے گئے ون ڈے ورلڈ کپ 2027ء کے نئے فارمیٹ کے فیصلے پر ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن نے تحفظات کا اظہار کر دیا۔ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن (ڈبلیو سی ای)کا کہنا ہے کہ 2021ء میں 14ٹیموں کو 2گروپس میں براہِ راست کھیلانے کا اعلان کیا گیا تھا مگر اب فارمیٹ تبدیل کر دیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے نئے فارمیٹ کے تحت کم رینکنگ رکھنے والی تین کوالیفائیڈ ٹیمیں پہلے ابتدائی مرحلہ کھیلیں گی پھر سپر مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی۔ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن نے وضاحت دی ہے کہ نئے فارمیٹ سے کوالیفائی کرنے والی ابھرتی ہوئی ٹیموں کے لیے ورلڈ کپ میں حقیقی مواقع محدود ہو جائیں گے، سالوں کی منصوبہ بندی، سرمایہ کاری اور کوالیفکیشن کے بعد ورلڈ کپ کا ڈھانچہ تبدیل کرنا غیر مناسب ہے۔

(جاری ہے)

ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے اتنے اہم فیصلے سے قبل کھلاڑیوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے بامعنی مشاورت نہیں کی۔ڈبلیو سی اے کے چیف ٹام موفٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عالمی ایونٹس کے فارمیٹ میں تبدیلی شفاف انداز، واضح موقف اور مشاورت کے بعد ہونی چاہیے۔ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ کرکٹ کے عالمی فروغ کا دعوی اور ابھرتی ہوئی ٹیموں کے مواقع کم کرنے کے فیصلے میں تضاد ہے۔

ادھر نیدرلینڈز کے کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے کہا ہے کہ ایسوسی ایٹ ٹیموں کو بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کے مواقع ہی ان کی ترقی اور کرکٹ کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔دوسری جانب آئرلینڈ کے کپتان پال اسٹرلنگ کا کہنا ہے کہ ایسوسی ایٹ اور چھوٹی ٹیمیں عالمی ایونٹس کا معیار بڑھاتی ہیں، کرکٹ کو بھی فٹبال کی طرح زیادہ مواقع دینے چاہیے۔سکاٹ لینڈ کے رچی بیرنگٹن نے کہا کہ کھلاڑی ہر فیصلہ نہیں کرنا چاہتے لیکن کیریئر پر اثر انداز ہونے والے فیصلوں میں ان کی رائے ضرور لی جانی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :