پی ایچ ایف کا انٹر نیشنل و ڈومیسٹک ہاکی کے فروغ کیلئے جامع اور تاریخی پروگرام کا اعلان

ہفتہ 18 جولائی 2026 21:06

پی ایچ ایف کا  انٹر نیشنل و ڈومیسٹک ہاکی کے فروغ کیلئے جامع اور تاریخی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ایڈہاک مینجمنٹ نے ملک میں ہاکی کی بحالی، کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی مواقع فراہم کرنے اور ڈومیسٹک ہاکی کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع اور تاریخی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق انڈر 18، انڈر 21 اور سینئر قومی ٹیموں (مرد و خواتین) کے لیے مالی وسائل متحرک کیے گئے ہیں تاکہ انہیں عالمی سطح پر زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ایکسپوژر فراہم کیا جا سکے۔

ترجمان پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ایڈہاک مینجمنٹ نے اپنے ابتدائی چار ماہ کے دوران اور رواں سال کے اختتام تک پاکستان ہاکی کی تاریخ کا مصروف ترین بین الاقوامی شیڈول ترتیب دیا ہے۔ اس شیڈول کے تحت سینئر مینز ٹیم قاہرہ میں منعقد ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کرے گی، جبکہ ایف آئی ایچ پرو لیگ کے سلسلے میں بیلجیئم اور برطانیہ کا دورہ بھی کرے گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ قومی ٹیم ستمبر میں کوریا کا دورہ کرے گی، جبکہ آئندہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ اور ایشین گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔فیڈریشن کے مطابق انڈر 18 بوائز ٹیم جاپان میں انڈر 18 ایشیا کپ اور عمان میں ایشین ہاکی فائیو اے سائیڈ چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی، جبکہ انڈر 21 مینز ٹیم عمان میں دوطرفہ بین الاقوامی سیریز، چین میں جونیئر ایشیا کپ اور ملائیشیا میں سلطان آف جوہر کپ میں حصہ لے گی۔

خواتین کی ہاکی ٹیموں کے لیے بھی بھرپور بین الاقوامی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ انڈر 21 ویمنز ٹیم عمان میں جونیئر ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی، جبکہ انڈر 18 گرلز ٹیم اس وقت عمان میں جاری انڈر 18 ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈومیسٹک ہاکی کے فروغ کے لیے بھی اہم اقدامات کیے ہیں۔ ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے پاکستان انڈر 18 نیشنل چیمپئن شپ اور پاکستان گرلز انڈر 21 نیشنل چیمپئن شپ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والی چیمپئن، رنر اپ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو بھاری نقد انعامات بھی دئیے گئے۔

فیڈریشن نے حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے قومی کھلاڑیوں کے یومیہ الاو نس میں نمایاں اضافہ منظور کیا ہے۔ نئے فیصلے کے تحت سینئر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بیرون ملک دوروں کے دوران 110 امریکی ڈالر یومیہ جبکہ جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں کو 65 امریکی ڈالر یومیہ الاو نس فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں بین الاقوامی مقابلوں میں بہترین مالی سہولتیں میسر آ سکیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق یہ جامع منصوبہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود، ڈومیسٹک ہاکی کی مضبوطی اور بین الاقوامی سطح پر قومی ٹیموں کی مسلسل شرکت کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد پاکستان کے قومی کھیل کو عالمی سطح پر اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانا ہے۔