فیفاورلڈ کپ،اسپین کی فتح کی آفیشل تصویر سے ٹرمپ غائب، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ تصویر کو ایڈٹ یا کراپ کر کے ٹرمپ کو نکال دیا گیا

بدھ 22 جولائی 2026 03:15

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے والی اسپینش ٹیم کی سرکاری فتح کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تاہم اس بار توجہ ٹرافی سے زیادہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر موجودگی نے حاصل کر لی۔تفصیلات کے مطابق اسپین نے 19 جولائی کو کھیلے گئے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

فائنل کے بعد ہونے والی تقریب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا صدر جیانی انفانٹینو کے ہمراہ اسپینش کھلاڑیوں کو تمغے پہنائے اور کپتان روڈری کو ورلڈ کپ ٹرافی پیش کی۔تقریب کے دوران جب اسپین کی ٹیم یادگاری تصویر کے لیے جمع ہوئی تو ٹرمپ بھی ابتدا میں کھلاڑیوں کے ساتھ پوڈیم پر موجود رہے تاہم ویڈیو فوٹیج میں دیکھا گیا کہ فیفا صدر جیانی انفانٹینو نے انہیں ایک طرف ہونے کا اشارہ کیا تاکہ ٹیم اپنی تاریخی کامیابی کی اجتماعی تصویر بنوا سکے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اسپینش فٹبال فیڈریشن نے سوشل میڈیا پر’’خواب حقیقت بن جاتے ہیں‘‘کے کیپشن کے ساتھ ورلڈ کپ فاتح ٹیم کی آفیشل تصویر شیئر کی لیکن مداحوں نے فورا نشاندہی کی کہ اس تصویر میں ڈونلڈ ٹرمپ کہیں نظر نہیں آ رہے،اس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ تصویر کو ایڈٹ یا کراپ کر کے ٹرمپ کو نکال دیا گیا ہے۔وائرل تصویر پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔

ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ کیا یہ فلٹر روزمرہ زندگی کے لیے بھی دستیاب ہی ایک دوست کے لیے پوچھ رہا ہوں۔کئی صارفین نے ٹرافی تقریب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی لمحے کی اصل توجہ صرف ورلڈ کپ جیتنے والی اسپینش ٹیم پر ہونی چاہیے تھی۔اسپینش ٹیم کی فتح کی آفیشل تصویر اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی جس پر مختلف تبصرے شروع ہوگئے ہیں ۔