اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر، بولی مشترکہ کنسورشیم نے جیت لی

سٹیڈیم دبئی سٹیڈیم کی طرز پر تعمیر ہوگا، 35 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی : سی ڈی اے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 جولائی 2026 11:47

اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر، بولی مشترکہ کنسورشیم نے جیت لی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جولائی 2026ء ) جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کے لیے خوشخبری آگئی جہاں ​سی ڈی اے نے اسلام آباد میں ملک کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کی مالیاتی بولی اوپن کردی۔ 
سی ڈی اے کے مطابق ​حبیب، زیڈ کے بی اور ای اے کا مشترکہ کنسورشیم کرکٹ اسٹیڈیم کا کامیاب بولی دہندہ قرار پایا، کامیاب کنسورشیم نے
سٹیڈیم کی تعمیر اور بیرونی کاموں کے لیے 8 ارب 90 کروڑ کی بولی دی۔

 
نیسپاک کی جانب سے بولی مناسب قرار دیے جانے کے بعد ٹھیکہ باضابطہ طور پر دیا جائے گا۔ 
وفاقی ترقیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ ​اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کا کام شروع ہونے کے بعد ایک سال میں مکمل کرنے کی کوشش ہوگی، ​وفاقی وزیر داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے اور ممبر ماحولیات کرکٹ اسٹیڈیم منصوبے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

 ​

حبیب کنسورشیم کو قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر و تزئین کا کام کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے، ​اسلام آباد میں نیا کرکٹ اسٹیڈیم سیکٹر ڈی 12 کے قریب مارگلہ ہلز کے دامن میں تعمیر ہوگا۔

 
حکام کا مزید کہنا تھا کہ ​نیا کرکٹ اسٹیڈیم دبئی اسٹیڈیم کی طرز پر بنایا جائے گا، 35 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی،​اسٹیڈیم کے ساتھ 3 کلومیٹر طویل 3 رویہ سڑکیں اور دیگر متعلقہ انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے گا۔​ 
سی ڈی اے نے تمام قانونی اور پیپرا مراحل مکمل کرنے کے بعد حبیب کنسورشیم کی بولی اوپن کی،​ حتمی منظوری سے قبل پیش کردہ نرخوں کی معقولیت کا جائزہ کنسلٹنٹ لے گا۔