ج*جوہرآباد پارک میں کالے ہرن کی کامیاب بریڈنگ، غیرقانونی ڈیلر گرفتار

غ*کالے ہرنوں کی تعداد 11 ہوگئی، جتوئی سے 25 گانی دار طوطے برآمد کر لیے گئے،حکام ی*محکمہ وائلڈ لائف کی تحفظ سرگرمیاں جاری، ملزم گرفتار، طوطے ڈی جی خان چڑیا گھر منتقل

بدھ 22 جولائی 2026 17:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2026ء) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیر قیادت محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کی جانب سے اسیری (کیپٹو) اور قدرتی ماحول میں جنگلی حیات کے تحفظ اور فروغ کے لیے سرگرمیاں مؤثر انداز میں جاری ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں وائلڈ لائف پارک جوہرآباد میں نایاب کالے ہرن کی کامیاب افزائشِ نسل کے بعد ان کی تعداد 11 ہوگئی، جبکہ جتوئی میں کارروائی کرتے ہوئے جنگلی پرندوں کے ایک غیرقانونی ڈیلر کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 25 گانی دار طوطے برآمد کر لیے گئے۔

محکمہ کے مطابق وائلڈ لائف پارک جوہرآباد میں انتظامیہ کی بہترین ’’ایکس سیچو کنزرویشن‘‘حکمت عملی کے باعث نایاب کالے ہرنوں کی افزائشِ نسل کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ دو ماہ کے دوران تین بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔پارک انچارج اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر سیدہ فریحہ شیرازی نے بتایا کہ مارچ 2026ء میں پہلی مرتبہ جلو وائلڈ لائف پارک لاہور سے چھ مادہ اور دو نر کالے ہرن جوہرآباد منتقل کیے گئے تھے۔

انہیں سازگار اور پُرسکون ماحول فراہم کیا گیا، جس کے نتیجے میں جون میں دو جبکہ اب ایک اور بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔ اس کامیاب بریڈنگ کے بعد پارک میں کالے ہرنوں کی مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے اور تمام جانور صحت مند اور محفوظ ماحول میں موجود ہیں۔دوسری جانب اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر مظفرگڑھ عبدالرحمان نے عدالتی سرچ وارنٹ کی بنیاد پر تحصیل جتوئی میں کارروائی کرتے ہوئے جنگلی پرندوں کے ایک غیرقانونی ڈیلر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 25 گانی دار طوطے برآمد کرکے عدالتی حکم پر ڈی جی خان چڑیا گھر منتقل کر دیے گئے، جبکہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔