علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سمسٹرخزاں کے داخلے شروع

جمعرات 23 جولائی 2026 18:01

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2026ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2026 کے داخلوں کا آغاز کر دیا ہے جس میں میٹرک سے پی ایچ ڈی تک مختلف پروگرام شامل ہیں۔ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سرگودھا نسرین اختر مرزا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ طلبہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں جمع کرا کے نئے تعلیمی سیشن کا حصہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے میٹرک، ایف اے، آئی کام، ڈی اے ای، ایسوسی ایٹ ڈگری، بی اے، بی ایس، بی ایڈ، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ، ایم اے، ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی سمیت مختلف پروگراموں میں داخلے جاری ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف شارٹ کورسز اور پروفیشنل پروگرامز میں بھی داخلے دیئے جا رہے ہیں تاکہ طلبہ اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے داخلے کا عمل پہلے سےزیادہ آسان بنادیاگیاہے۔ اب طلبہ AIOU Official Mobile App کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن رجسٹریشن، داخلہ فارم کی تکمیل، مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے اورفیس جمع کروانےسمیت تمام مراحل باآسانی مکمل کرسکتےہیں۔ انہوں نےکہا کہ یہ سہولت خصوصاً دور دراز علاقوں کے طلبہ، ملازمت پیشہ افراد اور خواتین کے لیےنہایت مفیدثابت ہورہی ہے۔

ریجنل ڈائریکٹر نے بتایا کہ میٹرک، ایف اے، آئی کام، ڈی اے ای، ایسوسی ایٹ ڈگری، بی اے، بی ایس اوردیگراوپن پروگرامز میں داخلوں کی آخری تاریخ 10 اگست جبکہ ایم اے، ایم ایس سی، ایم فل، پی ایچ ڈی اور دیگر منتخب پروگرامز میں داخلوں کی آخری تاریخ 24 اگست مقرر کی گئی ہے ۔ انہوں نےکہاکہ طلبہ داخلوں سےمتعلق کسی بھی معلومات یارہنمائی کےلیے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل آفس سرگودھا سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی جدید فاصلاتی نظامِ تعلیم کے ذریعے ملک بھر میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے مشن پر گامزن ہے اور ہر عمر کے افراد کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنا داخلہ یقینی بنا کر اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔