اسلام آباد ہائی کورٹ نے سردار یار محمد رند کا نام سفری پابندی فہرست سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

جمعہ 24 جولائی 2026 20:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2026ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر ظفر اللہ جبکہ وفاق کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، ایف آئی اے اور امیگریشن حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالتی ہدایت پر بیرسٹر ظفر اللہ نے کوئٹہ پولیس کا خط عدالت میں پڑھ کر سنایا۔ جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے کہ متعلقہ پولیس بھی کہہ رہی ہے کہ انہیں درخواست گزار مطلوب نہیں، ایف آئی اے کو بھی مطلوب نہیں، جن اداروں کو ضرورت تھی انہیں بھی اب ضرورت نہیں رہی، پھر اب تک نام فہرست سے کیوں نہیں نکالا گیا؟ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ سردار یار محمد رند کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نہیں بلکہ پی این آئی لسٹ میں 28 مارچ کو شامل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے استفسار کیا کہ پی این آئی لسٹ میں نام کتنے عرصے کے لیے رکھا جا سکتا ہے اور اس کی مدت کب مکمل ہوئی۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ یہ اندراج ایک ماہ کے لیے ہوتا ہے اور بعد ازاں ایک ماہ کی توسیع لی جاتی ہے۔اس پر جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے مطابق زیادہ سے زیادہ 60 روز تک نام رکھا جا سکتا ہے، جبکہ اب جولائی ہے اور پانچ ماہ گزر چکے ہیں۔

انہوں نے ایف آئی اے افسر سے استفسار کیا کہ آخر کس قانون کے تحت اتنے عرصے سے نام فہرست میں برقرار رکھا گیا ہے۔جسٹس انعام امین منہاس نے مزید ریمارکس دیئے کہ اس نوعیت کے متعدد مقدمات عدالت کے سامنے آ رہے ہیں، عدالت اس معاملے پر کئی بار احکامات جاری کر چکی ہے اور اس حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے۔فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے سردار یار محمد رند کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔