آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان، مون سون سسٹم کمزور پڑ گیا

اتوار 26 جولائی 2026 11:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2026ء) محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم مرطوب اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

اس دوران 10 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران نمی کا تناسب 55 سے 80 فیصد کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم کی شدت میں نمایاں کمی آ چکی ہے، تاہم اس کے اثرات کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان برقرار رہے گا۔

(جاری ہے)

ادھر محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ بارش کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ شب سب سے زیادہ 17 ملی میٹر بارش گلشنِ حدید میں ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ اورنگی ٹاؤن اور سرجانی ٹاؤن میں 5.0 ملی میٹر، کیماڑی میں 3.5 ملی میٹر، پی اے ایف مسرور بیس میں 3.0 ملی میٹر، ایئرپورٹ اولڈ ایریا اور جناح ٹرمینل پر 2.6 ملی میٹر، ناظم آباد میں 2.3 ملی میٹر، کورنگی، موٹروے ایم نائن اور صدر ٹاؤن میں 2.0 ملی میٹر جبکہ گلشنِ معمار میں 1.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش اور ٹھنڈی سمندری ہواؤں کے باعث شہر میں گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔