نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں طویل لوڈشیڈنگ کیس،سندھ ہائی کورٹ، کا نیپرا کو ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم

پیر 27 جولائی 2026 16:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) سندھ ہائیکورٹ نے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ اور بجلی کے فیڈر کی خرابی کے خلاف دائر درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو درخواست گزار کی شکایت پر ایک ماہ کے اندر فیصلہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔پیرکوسندھ ہائیکورٹ میں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور فیڈر کی خرابی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں قائم صنعتی یونٹس کو روزانہ 14 سے 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، جس سے صنعتی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیڈر کی خرابی اور بجلی کی غیر مستحکم فراہمی کے حوالے سے کے الیکٹرک اور نیپرا دونوں سے متعدد بار شکایات کی جا چکی ہیں، تاہم مسئلہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صنعتی صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانا کے الیکٹرک کی قانونی ذمہ داری ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار اس معاملے میں قانون کے تحت دستیاب متبادل فورم، یعنی نیپرا، سے پہلے ہی رجوع کر چکا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ نیپرا تمام متعلقہ فریقین کو سننے کے بعد قانون کے مطابق شکایت پر فیصلہ کرے۔بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ نے نیپرا کو ہدایت کی کہ درخواست گزار کی شکایت پر ایک ماہ کے اندر فیصلہ کر کے قانونی کارروائی مکمل کی جائے۔