ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈو جام، ٹنڈو الہ یار اور اندرونِ سندھ کے عوام سے اظہارِ تشکر

پیر 27 جولائی 2026 20:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈو جام، ٹنڈو الہ یار اور اندرونِ سندھ کے مختلف علاقوں کے عوام کا شاندار، پرتپاک اور تاریخی استقبال کرنے پر دلی شکریہ ادا کیا اور حقوق حیدرآباد و میرپور خاص ریلیوں کی شاندار کامیابی پر کارکنان و عوام کو مبارکباد پیش کی ہے، بہادرآباد مرکز سے جاری بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عوام کی والہانہ محبت، بھرپور شرکت اور غیرمعمولی جوش و خروش اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سندھ کے شہری عوام متحدہ قومی موومنٹ پاکستان پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں اور شہری سندھ کے بہتر مستقبل کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے میرپورخاص میں منعقد ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جلسے میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی عوامی حمایت مسلسل مضبوط ہو رہی ہے اور عوام اپنی حقیقی نمائندہ جماعت کے ساتھ بھرپور انداز میں جڑے ہوئے ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے استقبالیہ ریلیوں اور جلسہ عام کے کامیاب انعقاد پر ڈسٹرکٹ انچارجز ظفر صدیقی، خالد تبسم اور ڈسٹرکٹ کمیٹی، زونل کمیٹی اور مقامی ذمہ داران، کارکنان اور تمام شعبہ جات کے ارکان کو شاندار انتظامات، نظم و ضبط اور انتھک محنت پر دلی مبارکباد اور شاباش پیش کی، انہوں نے کہا کہ ریلیوں کے دوران بزرگوں، خواتین، نوجوانوں اور بچوں سمیت ہر طبق فکر کی جانب سے جس محبت، خلوص اور جذبے کا اظہار کیا گیا، وہ ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان کے لیے ایک اعزاز اور مزید خدمتِ خلق کا حوصلہ ہے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی شہری سندھ کے عوام سمیت پورے پاکستان کے مظلوم، محروم اور متوسط طبقے کے حقوق کے حصول، انصاف، مساوات اور بااختیار مقامی نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد پہلے سے زیادہ قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔