آزاد کشمیر انتخابات پر بلاول بھٹو کے بیانات مسترد، شاہ غلام قادر کا شدید ردعمل

جمعرات 30 جولائی 2026 23:13

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جولائی2026ء) مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اپنا فیصلہ دے چکے ہیں اور انتخابی نتائج پر بلاجواز اعتراضات حقائق کے منافی ہیں۔شاہ غلام قادر نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو ان دنوں مظفرآباد میں موجود ہیں اور آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے گمراہ کن بیانات دے رہے ہیں، جن کی مسلم لیگ (ن) شدید مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اس مینڈیٹ کا احترام کیا جانا چاہیے۔مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر نے نکیال نشست پر پیپلز پارٹی کے اعتراضات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ نکیال میں فتح محمد کریلوی کے خاندان کی کامیابی تاریخی سیاسی پس منظر رکھتی ہے اور سردار عمیر نعیم کی کامیابی عوامی اعتماد کا واضح اظہار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راجہ ایاز کی کامیابی بھی عوام کے اعتماد کی عکاس ہے، جبکہ بعض حلقوں میں پیپلز پارٹی کا امیدوار ہی موجود نہیں تھا، اس لیے وہاں دھاندلی کے الزامات سمجھ سے بالاتر ہیں۔شاہ غلام قادر نے سوال اٹھایا کہ میرپور سٹی میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر پیپلز پارٹی خاموش کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو چاہیے کہ وہ آزاد کشمیر کا ماحول خراب کرنے کے بجائے حلقوں کا دورہ کریں تاکہ عوامی رائے خود سامنے آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حقوق پر سیاست اور بلیک میلنگ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کسی دباؤ میں نہیں آئے گی اور عوامی فیصلے کا مکمل احترام کرے گی۔لیگی رہنما نے کہا کہ میرپور ڈویڑن کے نتائج سے پیپلز پارٹی پریشان ہے، جبکہ اگر پی ٹی آئی کے امیدوار شامل نہ کیے جاتے تو پیپلز پارٹی کے پاس کئی حلقوں میں امیدوار بھی موجود نہ ہوتے۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف بیان بازی سے قبل حقائق کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2 اگست کو مظفرآباد ڈویڑن کی تمام 9 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے بلاول بھٹو کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے معلوماتی ذرائع کا ازسرنو جائزہ لیں اور آزاد کشمیر کے عوام کے فیصلے کو تسلیم کریں۔