پی سی بی کرکٹ کے فروغ کیلئے یونس خان کی خدمات سے استفادہ کریں، راشد لطیف

یونس خان کرکٹ اکیڈمی سے شہر میں کھیل کو دوام ملے گا، یونس خان جیسے عظیم کرکٹرز برسوں میں پیدا ہوتے ہیں، گفتگو

اتوار 2 اگست 2026 13:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2026ء) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان وکٹ کیپر بیٹر راشد لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کو بہتر راستے پر چلانے کی ضرورت ہے،پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کرکٹ کے فروغ کے لیے سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان کی خدمات سے استفادہ حاصل کریں۔

(جاری ہے)

کے ایچ اے لیجنڈ ارینا،گلشن اقبال میں یونس خان کرکٹ اکیڈمی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ اب ایسے حالات نہیں کہ کراچی کا کھلاڑی کرکٹ کھیلے،ایک زمانے میں پاکستان کرکٹ ٹیم میں بیشتر کھلاڑیوں کا تعلق کراچی سے ہوتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مضافاتی علاقے ملیر نے لاتعداد کرکٹرز پیدا کیے جن میں خرم منظور، سعید انور اور عاصم کمال اور میں خود شامل ہوں، یونس خان کاتعلق بھی ملیر سے رہا ہے۔ راشد لطیف نے کہا کہ یونس خان کے ہمراہی کرکٹرز پاکستان کرکٹ بورڈ میں ملازمتیں تلاش کر رہے ہیں لیکن یونس خان کرکٹ کی خدمت میں مصروف ہیں۔یونس خان کرکٹ اکیڈمی سے شہر میں کھیل کو دوام ملے گا، یونس خان جیسے عظیم کرکٹرز برسوں میں پیدا ہوتے ہیں، ان کے 10 ہزار رنز اور 34 سنچریز کا عظیم کارنامہ ٹوٹنا مشکل ہے۔