کل جماعتی حریت کانفرنس کا 5 اگست کو یوم سیاہ منانے کی اپیل کا اعادہ

پیر 3 اگست 2026 21:04

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2026ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے ایک بارپھر اپیل کی ہے کہ وہ 5 اگست کوبھارت کی طرف سے دفعہ 370 کی منسوخی کے سات سال مکمل ہونے کے موقع پر ’’ یوم استحصال کشمیر‘‘ کو یوم سیاہ کے طور پر منا ئیں اور اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ ق خود ارادیت کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں سات سال سے جاری بھارت کا فوجی محاصرہ، اس کے گھناؤنے جرائم اور استعماری پالیسیاں حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبانے میں ناکام رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی بے مثال استقامت اور بہادری نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کا جذبہ آزادی ناقابل تسخیر ہے۔

ترجمان نے 5 اگست کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال اور دنیا بھر میں پرامن احتجاجی ریلیاں نکالنے کی اپیل کی۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے حریت کانفرنس کی طرف سے یوم سیاہ منانے کی اپیل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ایک بیان میں ڈی ایف پی نے اقوام متحدہ، او آئی سی ،یورپی یونین اورانسانی حقوق کے اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ، علاقے تک آزادانہ رسائی اور مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک اور آسیہ اندرابی سمیت سیاسی نظربندوں کی رہائی اور تنازعہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لیے کوششیں تیز کریں۔

دریں اثنا ء بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے پچار فروٹ منڈی کے قریب محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا۔نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیرمیں حالات معمول پر آنے کے نئی دہلی کے دعوئوں کو مسترد کردیا۔انہوں نے اسلام آباد اور کولگام اضلاع میں حالیہ ہلاکتوں کا حوالہ دیااور ان کے پیچھے بھارتی حکومت کا ہاتھ ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر سرحدوں کو بندکر دیا گیا ہے تویہ حملے کیسے ہوئی ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں کنوینر غلام محمد صفی کی زیر صدارت ایک سیمینار میں سیالان پونچھ قتل عام کے شہداء کو انکے 28ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔