خیبر پختونخوا کے امن کے لیے پولیس شہدائ کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، میاں افتخار حسین

بدھ 5 اگست 2026 22:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2026ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر خیبر پختونخوا پولیس کے تمام شہدائ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے افسران اور جوانوں نے جس جرات، استقامت اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ رہا ہے، جہاں پولیس نے ہر محاذ پر اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا۔ ملک سعد شہید، صفوت غیور شہید، اقبال مومند شہید، عابد علی شہید، خان رازق شہید، طاہر داوڑ شہید اور دہشت گردی کے خلاف جامِ شہادت نوش کرنے والے تمام پولیس افسران اور جوان قوم کے محسن ہیں، جن کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

میاں افتخار حسین نے کہا کہ پولیس شہدائ کی قربانیوں نے دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔ امن کی قیمت انہی بہادر سپوتوں کے خون سے ادا کی گئی ہے، اس لیے ان کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ حکومت پولیس فورس کو ہر ممکن وسائل، جدید سہولیات اور پیشہ ورانہ استعداد فراہم کرے تاکہ وہ مزید مؤثر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکے۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر تمام شہدائ کو سلام پیش کرتی ہے، ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف اس جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ عظیم سپوت ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے اور ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے عزم، بہادری اور وطن سے وفاداری کی مثال بنی رہیں گی۔