تھرپارکر میں صاف پانی کی فراہمی الخدمت کی ترجیح ہے، سید وقاص جعفری

جمعرات 6 اگست 2026 22:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2026ء) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ نیHUBCOپاور کمپنی کے تعاون سے گورنمنٹ ڈگری کالج اسلام کوٹ، تھرپارکر میں سولر توانائی سے چلنے والے آراو واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے کے ذریعے کالج کے اساتذہ، طلبہ اور ارد گرد کی مقامی آبادی کو پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری سید وقاص جعفری نے کہا کہ تھرپارکر جیسے پانی کے بحران سے متاثرہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی الخدمت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حبکو کے ساتھ یہ اشتراک پسماندہ طبقات کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نائب صدر الخدمت سندھ انجینئر عمر فاروق نے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سولر توانائی سے چلنے والا یہ جدید پلانٹ تھر کے موسم اور حالات کے مطابق ایک پائیدار اور مستقل حل ہے۔ اس سے نہ صرف طلبہ اور مقامی آبادی کو بلا تعطل پینے کا پاک پانی میسر آئے گا بلکہ پانی سے پھیلنے والی مہلک بیماریوں کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔

سی ای او HUBCO کامران کمال کا کہناتھا کہ حبکو معاشرتی بہبود اور پائیدار ترقی کے منصوبوں پر یقین رکھتی ہے۔ الخدمت کے ساتھ مل کر تعلیمی اداروں اور محروم طبقات کو صاف پانی جیسی بنیادی نعمت کی فراہمی ہمارے اسی عزم کا حصہ ہے تا کہ ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک بہتر اور صحت مند مستقبل کی تعمیر ہو سکے۔ تقریب میں سی ای او الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان خبیب بلال، سی ای او الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن سفیان احمد خان، سی ای او تھر انرجی لمیٹڈ امجد راجہ اور سربراہ سی ایس آر حبکو فواد چشتی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت اور خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر کالج کے گراؤنڈ میں پودے بھی لگائے گئے۔