بھارت نے کشمیریوں کو تمام بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس

جمعہ 7 اگست 2026 12:52

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کو ان کے تمام بنیادی حقوق سے محروم کر دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ بھارت نے جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنےکےلئے دس لاکھ سے زائد فورسز اہلکار علاقے میں تعینات کر رکھے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بے لگام بھارتی اہلکاروں نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، چھاپوں ، بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کا جینا حرام کرکھاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت علاقے میں اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے کےلئے آئین و قانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے اور اس نے فورسز اور تحقیقاتی ایجنسیوں کو نہتے کشمیریوں کو تختہ مشق بنانے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں اظہاررائے کی آزادی کا حق مکمل طو رپر سلب ہے ، جو کوئی بھارتی جبر کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش کرتا ہے ، اسے کالے قوانین کے تحت سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جاتاہے،تاہم بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہوچکے ہیں اور وہ شہدا کے عظیم مشن کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کو رکوانے اور تنازعہ کشمیرکو عالمی ادارے کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔