Live Updates

وفاقی اردو یونیورسٹی: پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان رئیس کلیہ سائنس مقرر

جمعہ 7 اگست 2026 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2026ء) وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان کو ان کی گراں قدر علمی، تحقیقی اور انتظامی خدمات کے اعتراف میں رئیس کلیہ سائنس مقرر کردیا گیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع باغ سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی گاؤں سے حاصل کی۔

انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمٰن کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، جبکہ بعد ازاں پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کی زیرِ نگرانی پوسٹ ڈاکٹریٹ مکمل کی۔پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان گزشتہ 22 برس سے وفاقی اردو یونیورسٹی کراچی سے وابستہ ہیں۔ وہ متعدد طلبہ کو بی ایس، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح پر تحقیقی رہنمائی فراہم کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے 60 سے زائد تحقیقی مقالہ جات مختلف قومی و بین الاقوامی تحقیقی جرائد میں شائع ہوچکے ہیں۔متبادل توانائی کے ذرائع کے شعبے میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان کی تحقیقی کاوشیں خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے پٹرول کے متبادل بائیو ایتھانول اور ڈیزل کے متبادل بائیو ڈیزل کی تیاری پر کام کیا ہے، جبکہ میرین کیمسٹری کے میدان میں تحقیق کے دوران کئی نئے بائیو ایکٹو مرکبات بھی دریافت کیے ہیں۔

وہ مختلف قومی و بین الاقوامی سائنسی اداروں اور سائنٹفک باڈیز کے فعال رکن ہیں۔ان کی علمی و تدریسی خدمات کے اعتراف میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے انہیںایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان شعبہ کیمیائ کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ وہ فیکلٹی آف فارمیسی کے انچارج بھی رہ چکے ہیں۔

اس وقت وہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے گلشنِ اقبال کیمپس کے انچارج کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ شعبہ الحاق کے چیئرمین، انضباطی کمیٹی کے کنوینر اور FUUAST Journal of Biology کے آڈیٹر کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔وفاقی اردو یونیورسٹی کی انتظامیہ نے پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان کی علمی، تحقیقی، تدریسی اور انتظامی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ڈین فیکلٹی آف سائنس کے منصب پر تعینات کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے کلیہ سائنس کی مزید ترقی اور تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات