وزیراعلی پنجاب کی مون سون کے بعدہر شہر میں خستہ حال عمارتوں کے سروے کی ہدایت

جمعہ 7 اگست 2026 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے مون سون کے فورا بعد ہر شہر میں خستہ حال عمارتوں کے سروے کی ہدایت کی اورپنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کی جلد تکمیل کا حکم دیا۔ وزیراعلی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقدا ہوا جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اورتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلی نے سیوریج اورڈرینج پراجیکٹس پر ایمپکٹ سٹڈی رپورٹ طلب کرلی۔اس موقع پر وہاڑی،بوریوالا،تاندلیوالہ،جڑانوالہ،جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کھڈیاں، کبیروالا،چک جھمرہ، بھلوال اوراٹک میں پی ڈی پی پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کمالیہ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،گوجرہ،علی پورچٹھہ،چیچاں وطنی،ڈسکہ،لیہ،سلانوالی،وزیرآباد،بہاولنگر اورمیلسی کے پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نوازنے پی ڈی پی فیز ون کی کیس سٹڈی اور پی ڈی پی پر عوامی فیڈ بیک مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ساہیوال،فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ، راولپنڈی اورسیالکوٹ کے پراجیکٹس پررپورٹ پیش کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 29شہروں میں انڈرگرائوند سٹوریج ٹینک مکمل فنکشنل کر دیئے گئے جبکہ 21شہروں میں سٹوریج ٹینک کی تعمیر جاری ہے۔

وزیراعلی نے ڈی سی لاہورکیپٹن علی اعجاز اورڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کو شاباش دی۔ ڈی سی لاہور کیپٹن علی اعجاز باغبانپورہ سانحہ میں آخری شہری کو ملبے سے نکالنے تک27گھنٹے خود موجود رہے۔ وزیراعلی نے گوجرانوالہ میں ریکارڈ بارش کے باوجود 6گھنٹے سے پہلے پہلے نکاسی آب کے عمل کومکمل کرنے پرمسرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ مختلف شہروں میں نئے سیوریج سسٹم کے بعد نکاسی آب میں واضح بہتری آئی ہے،مون سون کے دوران ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنر،واسا اورستھرا پنجاب نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا،بارشوں کے دوران عوام کی سہولت کیلئے دن رات ایک کرنے والے افسروں اوراہلکاروں کو شاباش دیتی ہوں۔