مقبوضہ جموں وکشمیر،بڈگام کے رہائشی کو سوشل میڈیا پوسٹس پر جیل بھیج دیا گیا

گرفتارکئے گئے شخص کی شناخت سراج نبی پرے کے طور پر کی گئی ہے جو ضلع بڈگام کے علاقے ارچندرہما، ماگام کا رہائشی ہے

اتوار 9 اگست 2026 14:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2026ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے بڈگام کے ایک رہائشی کو سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرنے پر گرفتارکرلیا جس سے سول سوسائٹی کے گروپوں نے اظہار رائے کی آزادی پر پابندی کی ایک اور مثال قرار دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گرفتارکئے گئے شخص کی شناخت سراج نبی پرے کے طور پر کی گئی ہے جو ضلع بڈگام کے علاقے ارچندرہما، ماگام کا رہائشی ہے۔

(جاری ہے)

قابض حکام نے بتایا کہ اس کے اکاؤنٹ کی چھان بین کے دوران بنیاد پرست اوربھارت مخالف پوسٹس، تصاویر اور دیگر ڈیجیٹل مواد پایا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس مواد میں عسکریت پسندی سے وابستہ افراد کی تعریف اور انتہا پسندانہ نقطہ نظر کا پرچار شامل ہے۔ سراج کو عدالتی حراست میں سینٹرل جیل سرینگر بھیج دیا گیا۔ انسانی حقوق کے مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی مقبوضہ جموں و کشمیر میںاظہاررائے کی آزادی پر بڑھتے ہوئے کریک ڈاؤن کی عکاسی کرتی ہے، جہاں سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کو مبہم الزامات پر نشانہ بنایاجا رہا ہے۔