شیخ عبدالعزیز نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کیلئے وقف کردی تھی، حریت کانفرنس

پیر 10 اگست 2026 16:17

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2026ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ممتاز کشمیری رہنما، شہید عظمت شیخ عبدالعزیز کو ان کی18ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شیخ عبدالعزیز کو بھارتی فوجیوں نے 11 اگست 2008 کو اس وقت شہید کر دیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن تک ایک جلوس کی قیادت کر رہے تھے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈو کیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لئے وقف کردی تھی اور اس مقصد کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ دیگر حریت رہنماؤں نے بھی اپنے الگ الگ بیانات اور کے ایم ایس کے ساتھ اپنی گفتگو میں بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے شہید رہنما کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ڈرانے دھمکانے کے لئے شیخ عبدالعزیز اور دیگردرجنوں رہنماؤں کو مختلف ہتھکنڈوں سے شہید کیاگیاجن میں سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی فاروق، خواجہ عبدالغنی لون، محمد اشرف صحرائی،الطاف احمد شاہ اورایس حمید وانی شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ شیخ عبدالعزیز حقیقی معنوں میں ایک دیانتدارانسان تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کر دی۔

انہوں نے کہا کہ شیخ عزیز ایک نظریاتی سیاسی رہنما تھے جنہوں نے بھارتی فوجی طاقت کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے اپنے سینے پر گولیاں کھانا پسند کیا۔انہوں نے کہا کہ شیخ عزیز اور دیگر کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کے اس مقدس مقصد کو آگے بڑھایا جائے جس کے لیے انہوں نے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ترجمان نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی اور نعیم احمد خان سمیت ہزاروں آزادی پسند رہنما اورکارکن بھارتی جیلوں میں نظربند ہیں، جن کی جانوں کو خطرہ ہے اور عالمی برادری کو انہیں بچانے کے لیے آگے آنا چاہیے۔

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرسن کی آزادکشمیر شاخ کے رہنماؤں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ شیخ عبدالعزیز ایک نڈر،پرعزم اوربہادر رہنما تھے جو جموں و کشمیر کے عوام کو بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے جدوجہدکی تحریک دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عزیز کی طویل خدمات کو تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا۔