ٖایل اے 16 کے پولنگ اسٹیشن 179 پر فائرنگ، پاکستان پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا

پیر 10 اگست 2026 21:44

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2026ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے حلقہ ایل اے 16 باغ تھری شرقی کے پولنگ اسٹیشن نمبر 179 کوٹ چنالہ پر مسلح فائرنگ، پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو نکالنے اور بیلٹ پیپرز پر غیرقانونی طور پر مہریں لگانے کے خلاف چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو ہنگامی شکایت جمع کرادی۔پاکستان پیپلزپارٹی اور حلقہ ایل اے 16 کے امیدوار سردار قمر زمان کی جانب سے جمع کرائی گئی شکایت کے مطابق مسلم لیگ ن سے وابستہ مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشن نمبر 179 کوٹ چنالہ پر فائرنگ کرکے پولنگ کا عمل متاثر کیا، جس کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن سے نکال دیا گیا اور ان کی غیرموجودگی میں بیلٹ پیپرز پر غیرقانونی طور پر مہریں لگائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی نے مقف اختیار کیا کہ فائرنگ، پولنگ ایجنٹس کو نکالنے اور بیلٹ پیپرز پر مہریں لگانے کے واقعات کو الگ الگ نہیں دیکھا جاسکتا، فائرنگ کے بعد پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو نکالا گیا اور اس کے بعد ان کی غیرموجودگی میں بیلٹ پیپرز پر مہریں لگانے کا عمل شروع ہوا۔پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کے بعد ووٹرز اور انتخابی عملے کی سلامتی یقینی بنائے بغیر پولنگ دوبارہ شروع نہیں کی جاسکتی جبکہ فائرنگ سے قبل ڈالے گئے ووٹوں پر مشتمل بیلٹ بکس بھی پارٹی کے نمائندوں کی غیرموجودگی میں غیرمحفوظ ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 179 کوٹ چنالہ پر فوری طور پر مسلح پولیس فورس تعینات کرکے فائرنگ بند کرائی جائے، پولنگ اسٹیشن اور اس کے اطراف کو محفوظ بنایا جائے، غیرمتعلقہ افراد کو پولنگ اسٹیشن سے نکالا جائے اور بیلٹ بکس کو تحویل میں لے کر سیل کرنے کے بعد ہی پولنگ دوبارہ شروع کی جائے۔پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر الیکشن سیل کے انچارج عبدالشکور نے پارٹی اور حلقہ ایل اے 16 کے امیدوار سردار قمر زمان کی جانب سے یہ شکایت چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو ارسال کی جبکہ اس کی نقول چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر، ریٹرننگ آفیسر ایل اے 16، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر باغ، ڈپٹی کمشنر باغ، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس باغ اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔