باب المندب میں حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ، 2 پاکستانیوں سمیت 3 افراد جاں بحق

حوثیوں نے مشرقی تعز صوبے سے تجارتی جہاز کو اس وقت بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا جب وہ باب المندب سے گزر رہا تھا

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 اگست 2026 14:53

باب المندب میں حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ، 2 پاکستانیوں سمیت 3 افراد ..
صنعا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2026ء) باب المندب کے قریب تجارتی بحری جہاز پر حوثیوں کی جانب سے بیلسٹک میزائل حملے کے نتیجے میں عملے کے تین ارکان جاں بحق ہوگئے، جن میں دو پاکستانی اور ایک انڈونیشیائی شہری شامل ہیں۔ العربیہ نیوز کے نمائندوں کے مطابق حوثیوں نے مشرقی تعز صوبے سے تجارتی جہاز کو اس وقت بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا جب وہ باب المندب سے گزر رہا تھا، میزائل حملے کے نتیجے میں جہاز کے عملے کے تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں دو پاکستانی شہری بھی شامل ہیں، تاہم ان کی شناخت اور دیگر تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں، حملے کے بعد باب المندب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کی سلامتی سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ باب المندب دنیا کی اہم ترین بین الاقوامی بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتا ہے اور ایشیا، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے درمیان تجارتی آمدورفت کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے، حوثیوں کی جانب سے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی مسلسل دھمکیوں کے تناظر میں تازہ حملے نے عالمی بحری تجارت کے تحفظ کے حوالے سے ایک بار پھر تشویش پیدا کردی ہے، حکام اور عالمی برادری کے لیے بحیرہ احمر اور باب المندب میں محفوظ بحری آمدورفت برقرار رکھنا ایک اہم چیلنج بن گیا ہے، جبکہ تازہ حملے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :