پاکستان کی 10 ارب ڈالر کی درخواست، امریکہ کی سردمہری برقرار

دونوں ممالک کے درمیان مالی تعاون، سرمایہ کاری اور پاکستان میں تجارتی بنیادوں پر قابلِ عمل منصوبوں کے لیے فنانسنگ کے مواقع بڑھانے پر بات چیت جاری

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 اگست 2026 15:41

پاکستان کی 10 ارب ڈالر کی درخواست، امریکہ کی سردمہری برقرار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2026ء) پاکستان کی جانب سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لیے امریکی ایکسچینج اسٹیبلائزیشن فنڈ سے 10 ارب ڈالر مختص کرنے کی درخواست پر امریکہ کی جانب سے تاحال سردمہری برقرار ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان مالی تعاون، سرمایہ کاری اور پاکستان میں تجارتی بنیادوں پر قابلِ عمل منصوبوں کے لیے فنانسنگ کے مواقع بڑھانے پر بات چیت جاری ہے۔

روزنامہ جنگ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کے لیے امریکہ سے 10 ارب ڈالر کی معاونت حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس درخواست پر اب تک کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی، تاہم پاکستان اور امریکہ کے درمیان مالی اور معاشی تعاون کے دیگر پہلوؤں پر رابطے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پیر کو وزارتِ خزانہ میں پاکستان میں امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر سے ملاقات کی، جس میں باہمی مالی تعاون، سرمایہ کاری اور پاکستان میں تجارتی بنیادوں پر قابلِ عمل منصوبوں کے لیے فنانسنگ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دونوں جانب سے اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور ایسے منصوبوں کی نشاندہی پر بھی بات چیت کی گئی جن میں نجی شعبے کی شمولیت کے ذریعے سرمایہ کاری اور فنانسنگ کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان کو حالیہ عرصے میں اپنے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھنے، بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے اور معیشت میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مختلف بین الاقوامی ذرائع سے مالی تعاون کے حصول کی ضرورت رہی ہے، امریکہ سے 10 ارب ڈالر کی درخواست بھی اسی تناظر میں اہم قرار دی جا رہی ہے، تاہم امریکی جانب سے اس معاملے پر پیش رفت نہ ہونے کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان معاشی مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔