لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے ایئر ہوسٹس آف لوڈ

تلاشی کے دوران 37 ہزار 318 امریکی ڈالر اور 40 ہزار سعودی ریال برآمد، مبینہ طور پر کرنسی جرابوں میں چھپائی گئی تھی

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 اگست 2026 16:32

لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے ایئر ہوسٹس آف لوڈ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2026ء) لاہور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز PK 203 سے ایک ایئر ہوسٹس کو مبینہ طور پر آف لوڈ کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، خاتون کے قبضے سے بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ شک کی بنیاد پر ایئر ہوسٹس کی تلاشی لی گئی تو اس سے مبینہ طور پر 37 ہزار 318 امریکی ڈالر اور 40 ہزار سعودی ریال برآمد ہوئے، غیر ملکی کرنسی کو جسم کے ساتھ چھپا کر رکھا گیا تھا، جبکہ کرنسی میں شامل کچھ رقم جرابوں میں چھپائی گئی تھی۔

واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں خاتون کو پی آئی اے سے مشابہ یونیفارم میں دیکھا جا سکتا ہے، کسٹمز اور ایف آئی اے حکام کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، حکام برآمد ہونے والی غیر ملکی کرنسی، اس کے مبینہ طریقۂ چھپاؤ اور ایئر ہوسٹس کے سفر سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکام نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی یہ واضح ہوسکے گا کہ واقعے میں قانونی طور پر کس نوعیت کی خلاف ورزی ہوئی اور ذمہ دار افراد کے خلاف کیا کارروائی بنتی ہے، حتمی فیصلہ متعلقہ قانونی کارروائی اور تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر کیا جائے گا۔