پنجاب یونین آف جرنلسٹس کا برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید اظہارتشویش

ڈان نیوز کی جانب سے ملازمین کی برطرفی اور ایک نیوز کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر مالکان کے گھروں کا گھیراﺅ کرنے کا اعلان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 12 اگست 2026 22:32

پنجاب یونین آف جرنلسٹس کا برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 اگست ۔2026 ) پنجاب یونین آف جرنلسٹس (پی یوجے) کا اہم اجلاس صدر میاں شاہد ندیم کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز، فنانس سیکرٹری عدنان لودھی، انفارمیشن سیکرٹری حامد خان اور ایگزیکٹو کونسل کے اراکین نے شرکت کی.

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈان نیوز سے برطرف کیے گئے ملازمین اور ایک نیوز کے ملازمین کو گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹس میاں شاہد ندیم نے کہا کہ میڈیا مالکان نے ملازمین کو جب چاہیں برطرف کرنے اور تنخواہوں کی ادائیگی روکنے کو معمول بنا لیا ہے یہ انتہائی نامناسب اور ظالمانہ رویہ ہے، جسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے.

جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز نے کہا کہ پنجاب یونین آف جرنلسٹس بارہا میڈیا مالکان کو متنبہ کر چکی ہے کہ جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی بندش جیسے ظالمانہ اقدامات فی الفور ختم کیے جائیں بصورتِ دیگر ہم تمام متعلقہ میڈیا مالکان کے گھروں کے باہر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے. پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے اجلاس میں فیصلہ کیا کیاگیا کہ کارکن صحافیوں کو برطرف کرنے والے اداروں کے مالکان کے دفاتر اور گھروں کے باہر احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے اس کے علاوہ پی یو جے کے تحت سوشل میڈیا مہم کے علاوہ ”جرنل“شائع کیا جائے گا جس میں اخبارات اور نیوزچینلزکو ملنے والے اشتہارات ‘اداروں میں کام کرنے والے کارکنوں کی تعداد اور ان کو ادا کی جانے والی تنخواہوں سمیت دیگر تفصیلات شائع کی جائیں گی.

اجلاس میں مالکان کے رویئے کے خلاف ہائی کورٹ رٹ پٹیشن دائرکرنے پر بھی غور کیا گیا‘پی یوجے کا وفد لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کرکے اس سلسلہ میں مشاورت کی جائے گی.