جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی موجودگی کے متعلق اسرائیلی وزیرِ داخلہ کے بیان پر امریکا کی تنقید

جمعرات 13 اگست 2026 15:54

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) اسرائیل کے وزیرِ دفاع کی جانب سے اسرائیلی فوج کی جنوبی لبنان میں موجودگی کے متعلق بیان کے بعد امریکا کی جانب سے اپنے اتحادی اسرائیل پر غیر معمولی تنقید سامنے آئی ہے۔امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ انھیں امید ہے کہ اسرائیل امریکی ثالثی میں طے پائے جانے والے اس معاہدے کی پاسداری کرے گا جس کے تحت جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کا انخلا ضروری ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ لبنان کی علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔یاد رہے کہ اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے جنوبی لبنان کے دورے کے دوران اسرائیلی افواج کی وہاں موجودگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی فورسز علاقے میں موجود تمام گھروں کو مسمار کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

لبنان کے وزیرِ اعظم نواف سلام کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے ان گھروں کی منظم مسماری بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

امریکی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق اسرائیل کو ان علاقوں سے اپنی افواج واپس بلانا ہوں گی، جبکہ لبنانی فوج کو وہاں تعینات کیا جائے گا اور حزب اللہ کو غیر مسلح کیا جائے گا۔اکتوبر کے آخر میں اسرائیل میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور اس سے قبل اسرائیلی وزرا کے بیانات اور سیاسی بیانیے میں مزید شدت دیکھنے میں آئی ہے۔