ڈی پی او سوات کی سربراہی میں قلاگے کبل کے علاقہ معززین کیساتھ اجلاس، وطن کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو خراج عقیدت پیش

عوامی تعاون کے بغیر معاشرے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، تعاون برقرار رہا تو امن میں خلل ڈالنے والے عناصر کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا،محمد عمر خان

جمعرات 13 اگست 2026 19:45

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2026ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان کی سربراہی میں ڈی پی او آفس سوات میں قلاگے کبل کے علاقہ معززین کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی آپریشن سوات غلام صادق خان، ایس ڈی پی او کبل امجد خان، قلاگے کبل کے علاقہ معززین اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے وطن کے تحفظ اور قیامِ امن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شلخو سر کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور علاقہ معززین کی بہادری، شجاعت اور پولیس کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ سوات میں امن کے قیام اور اسے برقرار رکھنے میں پولیس کے ساتھ ساتھ عوام اور علاقہ معززین نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی کسی ناگزیر صورتحال کے دوران علاقہ معززین پولیس کے ساتھ مل کر امن دشمن عناصر کے خلاف اپنا کردار ادا کریں گے۔ محمد عمر خان نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر معاشرے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، اگر عوام کا پولیس کے ساتھ تعاون اسی طرح برقرار رہا تو امن میں خلل ڈالنے والے عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سوات پولیس نے عوام کے ساتھ مل کر قیامِ امن کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور انہی قربانیوں اور عوامی تعاون کی بدولت آج سوات میں امن کی صورتحال بہتر ہے، تاہم امن کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پولیس اور عوام کو مشترکہ طور پر اپنا کردار جاری رکھنا ہوگا۔ اجلاس میں قلاگے کبل کے علاقہ معززین نے علاقے کو درپیش مختلف مسائل سے ڈی پی او سوات کو آگاہ کیا اور امن و امان سمیت عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔

علاقہ معززین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں امن کو برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے وہ پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور کسی بھی مشکل صورتحال میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ اس موقع پر شلخو سر کے شہدا کے ایصالِ ثواب اور بلندیِ درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ بعد ازاں ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے شلخو سر آپریشن اور وطن کے تحفظ کیلئے پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ رہنے اور قیامِ امن میں تعاون پر علاقہ معززین میں اعزازی اسناد تقسیم کیں۔

انہوں نے شرکا کو یقین دلایا کہ سوات پولیس عوام کے مسائل کے حل اور ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ قبل ازیں قلاگے کبل کے علاقہ معززین نے ڈی پی او سوات محمد عمر خان کو روایتی پکول پہنائی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، جس کے ذریعے انہوں نے پولیس اور وطن کے ساتھ اپنی محبت، عقیدت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔