یومِ آزادی ، سکھر میں پرچم کشائی تقریب

جمعہ 14 اگست 2026 13:15

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) یومِ آزادی کے موقع پر سکھر میں پرچم کشائی کی تقریب منعقدہوئی ۔80ویں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ضلعی انتظامیہ سکھر اور میونسپل کارپوریشن سکھر کے زیرِ اہتمام واکنگ ٹریک پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ اور کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی، ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان، ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل نے قومی پرچم لہرایا۔

تقریب میں پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ کمانڈر یاسر کامران خواجہ، پاک فضائیہ، پاکستان آرمی اور پولیس کے افسران سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران، مختلف مذاہب کے رہنماؤں، خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ پاکستان کے قومی دن پر ہمیں قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور دیگر قومی رہنماؤں کے پیغام پر عمل کرنے کا عہد کرنا ہوگا۔

انہوں نے آرمڈ فورسز، پولیس اور ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم اپنے گھروں میں چین کی نیند سو رہے ہوتے ہیں تو ہماری افواج ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے چوکس کھڑی ہوتی ہیں۔ رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے کہا کہ پاکستان پر عالمی اعتماد اس کی ترقی اور استحکام کا ثبوت ہے۔ انہوں نے عوام کو 80ویں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔

صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے پرچم کشائی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان کی آزادی کا جشن، شہریوں بالخصوص خواتین اور بچوں کا جوش و خروش قابلِ دید ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد پاکستان کے آزادی کے جشن میں شامل ہیں، جو قومی یکجہتی اور اتحاد کا مظہر ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے پرجوش انداز میں ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد ‘‘ کا بھی نعرہ لگایا۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔