سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پرچم کشائی، متعدد اہم شخصیات کی شرکت

وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس علی باقر نجفی نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کی عمارت پر قومی پرچم لہرایا

جمعہ 14 اگست 2026 14:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں 79ویں جشن آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس علی باقر نجفی نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کی عمارت پر قومی پرچم لہرایا۔پرچم کشائی تقریب میں وکلا، بار عہدیداران اور عدالتی و سرکاری افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی، ممبر پاکستان بار کونسل چوہدری طاہر نصراللہ وڑائچ اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل چوہدری عثمان غنی شریک ہوئے۔اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سونیا جدون نے بھی تقریب میں شرکت کی جبکہ امیدوار سیکرٹری سپریم کورٹ بار ملک عارف اعوان سمیت دیگر وکلاء بھی تقریب میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایڈووکیٹ راجہ ذوالقرنین، چوہدری غلام مرتضی اور یاسین بھٹی سمیت دیگر وکلا نے بھی شرکت کی۔

شرکاء نے قومی پرچم کو سلام پیش کرتے ہوئے وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر ملک کی آزادی اور خودمختاری کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا جبکہ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی، آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کی جائیں گی۔تقریب کے دوران قومی پرچم بلند ہوتے ہی شرکا نے قومی جذبے کا اظہار کیا۔ جشنِ آزادی کی مناسبت سے ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔